ٹریڈ یونیینز اور دانشوروں کو لازما سیاست میں حصہ لینا چاہئے، سینیٹرحاصل بزنجو

سینیٹر حاصل بزنجو کا پاکستان مزدور محاذ کے چئیرمین طفیل عباس کے تعزیتی ریفرینس سے خطاب

پیر 14 اکتوبر 2019 19:08

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) ٹریڈ یونیینز اور دانشوروں کو لازماًً’’ سیاست میں حصہ لینا چاہیے جب سے ان لوگوں نے سیاست سے کنارا کشی اختیار کی ہے سیاست پر ان لوگوں کا قبضہ ہو گیا ہے جن کا مزدوروں کسانوں اور عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ ہی وہ پیغام ہے جو طفیل عباس تمام عمر دیتے رہے اور ہمیں بھی اسی پروگرام کو آگے بڑھانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار سینیٹرحاصل بزنجو نے پاکستان مزدور محاذ کے چئیرمین طفیل عباس کے تعزیتی ریفرینس سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ پورے پاکستان سے آئے ہوئے طفیل عباس کے ساتھیوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طفیل نے مزدور سیاست کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ طلباء،کسانوں، دانشوروں اور خواتین کی تنظیموں کو منظم کرنے میں اہم ترین کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز اورینٹ ائیرلائنز کی یونین سے کیا اور مزدوروں کے حقوق حاصل کرنے کے لئے پاکستان میں محنت کشوں کی پہلی ہڑتال کروائی اور جیل جانے کے باوجود وہ اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوئے، وہ علی گڑھ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل تھے اور بہت اعلی پایہ کے منتظم تھے، پاکستان کی سیاست پر انہوں نے نہ مٹنے والے نقوش چھوڑے ہیں۔

انہوں پی آئی اے میں یونین کی بنیادیں رکھیں اور مشرقی اور مغربی پاکستان میں تریڈ یونین کو منظم کرنے میں اہم کردار اداکیا۔ وہ نظریاتی طور پر ترقی پسند سوچ فکر کے پیرو کار تھے اور انہوں نے اپنی ساری زندگی پاکستان میں سامراجی ریشہ دوانیوں کو بے خوف ہو کر بے نقاب کیا جس کی پاداش میں انہیں قید و بند کی صعوبتیں بھی اٹھانا پڑیں۔ سامراجی قوتوں اور ان کے حواریوں سے سمجھوتہ کرنے کا لفظ انکی لغت میں نہیں تھا۔

وہ ایک سچے ایماندار، نہ جھکنے اور نہ بکنے والے انقلابی رہنماء تھے۔ 1964 میں انہوں نے ماہنامہ منشور کا اجراء کیا، اس ماہنامہ نے 40 سال تک پاکستان کے محنت کشوں کے حقوق کا پرچم بلند رکھا، وہ ایک اعلی پائے کے لکھاری اور تجزیہ نگار تھے، ان کی اس جدوجہد میں ان کے دیگر ساتھیوں کے علاوہ مرحوم اظہر عباس، مرحوم ذکی عباس اور مرحوم شفیق احمد نے اہم کردار ادا کیا۔

آرٹس کونسل کے ایڈیٹوریم میں آرٹس کونسل کے تعاون سے منعقدہ اس پر وقار تقریب سے سیاسی رہنما یوسف مستی خان، معرف لکھاری محمد حنیف کے علاوہ مزدور رہنمائوں عثمان بلوچ، جنید اعوان، لیاقت ساہی اور پاکستان مزدور محاذ کے رہنمائوں قاضی احمد نعیم قریشی، شوکت علی چوھدری، کامران عباس، سجاد حسین اور طفیل عباس کی بیٹیوں پروفیسر اسماء عباس، زرقا یوسف ان کے بھتیجے ضیا اختر عباس نے بھی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ پرما عباس نے علی جعفر زیدی کا لندن سے موصول شدہ ان کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر احمد علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں