کراچی میں غلط انجیکشن لگنے سے 13 سالہ بچی جاں بحق

کائنات کو معمولی بخار کے سبب قریبی کلینک لے جایا گیا، طبی عملے نے بچی کو انجیکشن لگایا جس کے بعد حالت بگڑ گئی، ہسپتال لے جاتے ہی موت واقع ہو گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 14 اکتوبر 2019 22:45

کراچی میں غلط انجیکشن لگنے سے 13 سالہ بچی جاں بحق
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اکتوبر2019ء) کراچی میں غلط انجیکشن لگنے سے 13 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یاقت آباد ڈاکخانے کی رہائشی کائنات نامی 13سالہ بچی کو معمولی بخار کے سبب قریبی کلینک لے جایا گیا جہاں کے طبی عملے نے بچی کو انجیکشن لگایا لیکن اگلی صبح تک بچی کی حالت شدید خراب ہو گئی۔ انجیکشن کی وجہ سے بچی کے ہاتھ میں انفکشن ہو گیا تھا جو کہ اس کے ہاتھ سے سینے تک پہنچ گیا جس کے بعد اسکی حالت مزید بگڑ گئی۔

اس کے بعد اہلِ خانہ بچی کو ہسپتال لے کر گئے لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔ 13سالہ کائنات چھٹی جماعت کی طالبہ تھی اور تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی۔ کائنات کے والد لیاقت آباد مکان نمبر 1/417 کے رہائشی ہیں اور فالج کے مرض میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع کے مطابق بچی کے اہلخانہ پوسٹ مارٹم کرائے بغیر لاش لے کر روانہ ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے اہلخانہ کی جانب سے قانونی کارروائی کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں۔ چند ماہ قبل کراچی میں جعلی ڈاکٹر کے غلط انجیکشن سے ایک بچی جاں بحق ہو گئی تھی۔ بچی کو معمولی بیماری پر نجی کلینک مین لے جایا گیاتھا جہاں موجود جعلی ڈاکٹر نے بچی کو غلط انجیکشن لگا دیا اور انجیکشن لگتے ہی فوراََ بچی دم توڑ گئی۔ اس سے قبل بھی کراچی میں ہی 9ماہ کی ننھی نشوا کو دارالصحت ہسپتال میں غلط انجیکشن لگا دیا گیا تھا جس کی وجہ سے اس کا دماغ مفلوج ہو گیا تھا اور چند دن بعد اسکی موت واقعہ ہو گئی تھی۔ کراچی میں ایسے واقعات اکثر دیکھنے میں آتے ہیں جہاں ڈاکٹرز کی غفلت یا جعلی ڈاکٹروں کے ہاتھوں معصوم جانوں کو قتل کر دیا جاتا ہے۔ اب غلط انجیکشن لگنے سے 13 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں