پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکارہیں، اسلم خان

تحریک انصاف کی مقبولیت کی وجہ کارکنان کی محنت اور عوامی خدمت ہے،ایم پی اے عمر عمیری

منگل 15 اکتوبر 2019 15:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسلم خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی دن بدن بڑہتی ہوئی عوامی مقبولیت سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکارہوگئے ہیں اور اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئے ہیں ، ہمارے کارکنان کے قتل کرنے یا ان کو پریشان کر کے مخالفین یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ہمیں عوام کی خدمت سے روک لیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ، ہم ہر حال میں عوامی خدمت کے عمل کو جاری رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مرکزی آفس میں کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر ایم پی اے عمر عمیری اور دیگر بھی موجود تھے، اسلم خان کا کہنا تھا کہ ریحان ہاشمی اور اس کی ٹیم کرپٹ ہے نیب زدہ لوگ ہیں ان کو فارغ کر کے نئے انتخابات کروائے جائیں ، وزیراعظم سے ملاقات کر کے آصف چکلی کے قاتلوں کے چہرے بے نقاب کرونگا ، بہت جلد قومی اسمبلی میں کراچی کے امن اور کارکنوں کے قتل کے خلاف آواز اٹھائوں گا، پولیس والے یہ تماشہ بند کریں اصل مجرموں کو پکڑنے کی بجائے لواحقین کو تنگ کیا جار ہا ہے، ایس ایس پی سینٹرل اور متعلقہ تھانے کی تفتیش سے مطمئن نہیں ہوں ، شہر کا امن پھر سے برباد کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے تحریک انصاف کے کارکنان ایک پلیٹ فارم پر آجائیں ، کراچی کا امن ابھی مکمل طور پر واپس نہیں آیا، کچھ انتہا پسند عناصر جو اسوقت بڑے بڑے عہدوں پر بیٹھے ہیں جو تحریک انصاف کی مقبولیت سے خائف ہوکرہمارے کارکنوں کومار رہے ہیں وہ اپنا قبلہ درست کرلیں ، اس موقع پر ایم پی اے عمر عمیری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت اس کے کارکنان کی محنت اور عوامی خدمت کی وجہ سے ہے ہمارے کارکنان اپنی پارٹی منشور اور عوامی مسائل کے حل لیئے ہر وقت تیار ہیں اور اپنے اپنے علاقوں میں عوام الناس کے مسائل کے حل کے لیئے دن رات کوشاں ہیں مگر کچھ شر پسند عناصر اور دہشت گرد ہمارے کارکنان کو پریشان کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ جن لوگوں سے کام نہیں ہوتے ان کی کوشش ہوتی ہے جو لوگ کام کر رہے ہیں ا ن کو بھی نہ کرنے دیں مگر بزدلانہ حرکتیں ہمارے کارکنان کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتیں ، میری آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز سمیت تما م متعلقہ اداروں سے اپیل ہے کہ وہ کراچی میں تحریک انصاف کے کارکن آصف چکلی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کریں اور ان کو سزا دلوائیں ، پولیس اپنا روایتی رویہ بند کرے ورنہ پورے شہر میں بھرپوراحتجاج کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں