کراچی کا کچرا صاف کرنا موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں ہے، سید مصطفی کمال

کراچی میں لوگ کتوں کے کاٹنے سے مر رہے ہیں اور حکومت اپنی اس کارکردگی کو بہترین قرار دے رہی ہے، چیئرمین پی ایس پی

بدھ 16 اکتوبر 2019 00:04

کراچی کا کچرا صاف کرنا موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں ہے، سید مصطفی کمال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی کا کچرا صاف کرنا موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں ہے، کراچی میں لوگ کتوں کے کاٹنے سے مر رہے ہیں اور حکومت اپنی اس کارکردگی کو بہترین قرار دے رہی ہے۔ انہوں نے کراچی کے لیے پانی کے منصوبے کے فور کو مکمل طور پر بند کرنے کی اطلاعات پر ایک مرتبہ پھر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹر سے منصوبہ مکمل نہ ہو پانے کی صورت میں حکومت اس کو نوازنے کے لیے اس کی ایما پر رپورٹس تیار کر کے دے رہی ہے۔

جب یہ منصوبہ 2014 میں شروع کیا گیا تھا تو اسی صوبائی حکومت کی نگرانی میں اس کی تفصیلی ڈیزائننگ عثمانی انٹرپرائزز سے کرائی گئی تھی۔ اگر یہ ڈیزائن غلط تھا تو اس کی براہ راست ذمہ دار موجودہ حکومت ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اگر کما کر نہیں دے گا تو ملک کیسے چلے گا اس لیے کراچی کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں، کیوں کہ دن بدن خراب ہوتی ہوئی معیشت اب ملکی سالمیت کا مسئلہ ہے اور کراچی کے مسائل کو حل کیئے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں