حکمرانوں کا غیر سنجیدہ رویہ پاکستانی معیشت کو تباہی کے دہانے تک لے کر آگیا ہے،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

عمران خان انتخابی تقاریر میں قوم کو یقین دلاتے تھے اگر لیڈر درست ہو تو اسکی ٹیم ٹھیک کام کرتی ہے،میڈیا اطلاعات کے مطابق انہیں ٹھیک ٹیم نہیں ملی،مصطفی کمال

جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:54

حکمرانوں کا غیر سنجیدہ رویہ پاکستانی معیشت کو تباہی کے دہانے تک لے کر آگیا ہے،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا غیر سنجیدہ رویہ پاکستانی معیشت کو تباہی کے دہانے تک لے کر آگیا ہے، لوگوں کی قوت خرید بالکل ختم ہوچکی ہے،عمران خان انتخابی تقاریر میں قوم کو یقین دلاتے تھے کہ اگر لیڈر درست ہو تو اسکی ٹیم ٹھیک کام کرتی ہے،میڈیا اطلاعات کے مطابق انہیں ٹھیک ٹیم نہیں ملی جسکی وجہ سے کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔

میڈیا سے بات چیت میں مصطفی کمال نے کہاکہ وزیرِ اعظم کا یہ بیان اپنے آپ میں حکومتی ناکامی اور انکی وزارت عظمیٰ پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے،کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے، لوگ اپنی جمع پونجی پر گزارا کر رہے ہیں اور تیزی سے بے روزگار اور ناامید ہوتے جا رہے ہیں،غربت مٹانے کے بجائے غریب کو مٹایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے مشیران خود اس بات پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں، روپے کی قدر میں 40 فیصد کمی کے باوجود برآمدات میں صرف 2.75 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے بھی اپنی حالیہ رپورٹ میں پاکستانی معیشت کے حوالے سے بہتری کے کسی آثار کی تردید کی ہی. پاکستان میں خام مال کی درآمدات انتہائی درجے تک کم ہو گئی ہیں، اس وقت پاکستان میں خام مال سمیت مشینری اور نئی ٹیکنالوجی کی درآمد نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے درآمدات میں واضح کمی آئی ہے جبکہ سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ حکومت اس ناکامی کو بھی اپنی کامیابی قرار دے کر قوم سے غلط بیانی کر رہی ہی. تجارتی خسارہ کم کر کے دکھایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے کاروباری شخصیات سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے ذمہ داران ملک بھر کے تاجر نمائندوں سے رابطے میں ہیں اور انہیں پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے پی ایس پی کے پیش کردہ منشور سے انہیں آگاہ کر رہے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی تباہ حال ہے لیکن وزیراعظم عمران خان صوبے کے وزیر اعلیٰ سے بات کر کے مسائل کا حل نکالنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

کے فور جیسا اہم منصوبہ جس سے کراچی والوں کو پانی میسر ہونا تھا دس ارب خرچ ہونے کے باوجود بند کیا جا رہا ہے اور ملک میں اس کا کوئی نوٹس لینے والا نہیں ہے۔ ان حالات میں مضبوط بلدیاتی حکومتوں کا قیام ہی پاکستانی معیشت کو سسٹم میں موجود بد انتظامی دور کر کے استحکام بخش سکتا ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ یہ اب قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ اس وقت مسائل سے نکلنے کے لئے پوری قوم کو متحد کرنے اور ایک واضح حکمت عملی دینے کی ضرورت ہے جبکہ حکومت صرف تسلیوں پر اکتفاء کر رہی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں