کراچی کو موہنجودڑو اور رتوڈیرو بنایا جارہا ہے ، ڈاکٹر سلیم حیدر

ملک کے 70فیصد ٹیکس دینے والے کراچی کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،چیئرمین مہاجراتحاد تحریک

اتوار 20 اکتوبر 2019 20:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدرنے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کراچی پر جبری مسلط ہوکر اسے بھی رتوڈیرو اور موہنجودڑو بنانا چاہتی ہے۔ ملک کا 70فیصد ریونیودینے والے شہر کراچی کے شہری تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ پینے کا صاف پانی ، سڑکیں، صحت وصفائی کی صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جارہی ہے۔

11 سال کے دوران پیپلزپارٹی کی حکومت نے نہ تو کراچی میں نئے تعلیمی ادارے بنائے اور نہ ہی صحت کے مراکز ، کراچی کے مہاجروں کے ٹیکس کا پیسہ اندرون سندھ کے علاقوں میں منتقل کیا جارہا ہے لیکن خود وہاں کے عوام بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی تاریخ کرپشن، لوٹ مار ، اقرباء پروری اور متعصبانہ پالیسیوں سے بھری ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر بلاول بھٹو تک پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں جس طرح سندھ کے مہاجروں کے ساتھ تیسرے درجے کا سلوک کیا گیا اس کی مثال فلسطین میں بھی نہیں ملتی۔ آج مہاجر نوجوانوں پر سرکاری تعلیمی اداروں ، سرکاری ملازمتوں کے دروازے بند کردیئے گئے ہیں ۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ مہاجر نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لئے ملازمتوں کیلئے دھکے کھارہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت بھی مہاجروں کے نام پر ایم کیوایم کو ایک وزارت دے کر مہاجر مسائل سے لاتعلق ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر آنے والے دن کے ساتھ سندھ میں مہاجر مزید پستی کی طرف جارہے ہیں ۔ 30 سال سے مہاجر نام پر ووٹ لینے والے پیداگیر وں نے مہاجروں کو رسوائی ، ذلت اور پسپائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اگر اب بھی دانشوروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہاجروں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو پھر مہاجروں کا مستقبل مکمل طورپر تاریک ہوجائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں