وزیراعلی سندھ کی ایک ماہ کی صفائی مہم کے دوران کل 9 لاکھ 79 ہزار 941 ٹن کچرا اٹھایا گیا

پیر 21 اکتوبر 2019 15:57

وزیراعلی سندھ کی ایک ماہ کی صفائی مہم کے دوران کل 9 لاکھ 79 ہزار 941 ٹن کچرا اٹھایا گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ایک ماہ کی صفائی مہم کے دوران کل 9 لاکھ 79 ہزار 941 ٹن کچرا اٹھایا گیا۔ذرائع کے مطابق شرافی گوٹھ جی ٹی ایس پر 4 لاکھ 55 ہزار ٹن کچرا پہنچایا گیا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ 54 ہزار 437 ٹن کچرا اٹھایا گیا۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نے عارضی جی ٹی ایس سے اپنی روزانہ کے کام کی بنیاد پر 74 ہزار 941 ٹن کچرا اٹھایا۔

کراچی صفائی مہم کے دوران جی ٹی ایس سے لینڈ فل سائٹ تک 2 لاکھ 95 ہزار 563 ٹن کچرا پہنچایا گیا۔وزیراعلی سندھ کی صفائی مہم کے دوران چھوٹے بڑے نالوں کو بھی صاف کیا گیا اور بیشتر علاقوں میں صفائی کے بعد درخت بھی لگائے گئے۔ اسی صفائی مہم کے دوران کسی حد تک تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس مہم کے دوران شاہراہ فیصل سے قائد آباد تک کے پلوں پر وائیٹ واش کیا گیا اور واٹر بورڈ نے گٹروں کی صفائی کے کام کا بھی آغاز کیا۔

اس صفائی مہم کے اختتام پر اب ڈی ایم سیز اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اس صفائی کو جاری رکھے گی۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اب اس شہر کو گندگی سے بچانا اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ہونے سے پہلے کے ماحول اور اب کے ماحول میں واضح فرق نظر آ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں