گورنر سندھ عمران اسماعیل کی وزیر اعظم کے دورہ کراچی سے متعلق میڈیا کو بریفنگ

منگل 22 اکتوبر 2019 00:05

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کراچی سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے دورہ کراچی کے دوران پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی سندھ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ملاقات میں وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی خسرو بختیار، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی، وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی، رکن قومی اسمبلی اسد عمر اور معاون خصوصی ندیم بابر وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی اور اتحادی جماعتوں کے وفود نے وزیر اعظم کو اپنے حلقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت کو کراچی میں پانی ، ٹرانسپورٹ، ویسٹ منیجمنٹ اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کا مکمل ادارک ہے، بدقسمتی سے ماضی میں کراچی کی عوام اور کراچی کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا، کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن عوامی فلاح و بہبودکو مد نظر رکھتے ہوئے وفاق اپنے وسائل کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم کو سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے تحت کراچی میں وفاقی حکومت کی طرف سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ وزیر اعظم کے استقبال کے لئے وزیر اعلی سندھ کو خود آنا چاہئیے اس کے لئے کسی دعوت نامہ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ دھرنے کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پر امن احتجاج ہر فرد کا حق ہے مگر اس دھرنے کی آڑ میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں