زائد اثاثہ جات ریفرنس، آغا سراج درانی کے اہلِ خانہ کی گرفتاری کا حکم، سماعت5نومبرتک ملتوی

لاڑکانہ میں تھا ہی نہیں مجھے نہیں پتا کیا ہوا، جب جیل سے باہر آ گیاتو اچھی اچھی خبریں دوں گا، لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کی شکست پرآغاسراج درانی کا جواب

منگل 22 اکتوبر 2019 15:21

زائد اثاثہ جات ریفرنس، آغا سراج درانی کے اہلِ خانہ کی گرفتاری کا حکم، سماعت5نومبرتک ملتوی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اہل خانہ سمیت دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے نیب کو حتمی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفرور ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو تفتیشی افسر کو جیل بھیج دیں گے۔منگل کواسپیکر سندھ اسمبلی آغاز سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کراچی کی احتساب عدالت ہوئی، آغا سراج درانی و دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ مفرورملزمان کی گرفتاری میں کیاپیش رفت ہوئی ہی تفتیشی افسر ملزمان کے پتہ پرکیوں نہیں جاتا ،جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سکھر پولیس کو اس حوالے سے کہیں گے۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر کے رویے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی نہیں تفتیشی افسر کی رپورٹ چاہئے ، مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے حتمی مہلت دے رہے ہیں اگر مفرور ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو تفتیشی افسر کو جیل بھیج دیں گے اور آئندہ سماعت تک مفرور ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو کیس الگ کیاجائے گا۔

عدالت نے مفرور ملزمان کے ایک بارپھر وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 5 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی، مفرور ملزمان میں آغا سراج کے بیٹے،اہلیہ،بیٹیوں سمیت 12ملزمان شامل ہیں۔قبل ازیں پیشی کے موقع پر صحافی نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے لاڑکانہ میں حالیہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی شکست پر سوال کیا جس پر آغا سراج نے کہا کہ میں تو لاڑکانہ میں تھا ہی نہیں مجھے نہیں پتا کیا ہوا، میں جیل میں ہوں مجھے کچھ نہیں پتا جب جیل سے باہر آ گیاتو اچھی اچھی خبریں دوں گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں