نوجوانوں کے لئے ہم نصابی سرگرمیاں ضروری ہیں مگر علم کا حصول ترجیحات میں ہونا لازمی ہے،میئر کراچی

منگل 22 اکتوبر 2019 18:15

نوجوانوں کے لئے ہم نصابی سرگرمیاں ضروری ہیں مگر علم کا حصول ترجیحات میں ہونا لازمی ہے،میئر کراچی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے لئے ہم نصابی سرگرمیاں ضروری ہیں مگر علم کا حصول ترجیحات میں ہونا لازمی ہے۔آج کے زمانے میں میرٹ بہت سخت ہے وہی نوجوان عملی زندگی میں کامیاب ہو گا جس کے پاس علم ہو گا۔ تعلیم یافتہ نوجوان ہی اس ملک اور شہر کا مستقبل ہیں لہٰذا انہیں بہت زیادہ محنت اور لگن سے پڑھنا چاہئے تاکہ مستقبل میں ملک اور قوم کی خدمت کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی یونیورسٹی میں آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (اے پی ایم ایس او) کے زیر اہتمام نئے آنے والے طالب علموں کو خوش آمدید کہنے کے لئے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طالبات کی اکثریت ہے طلبا کو بھی زیادہ کوشش کرنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ کراچی کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں، ماضی میں بھی کراچی یونیورسٹی سے نامور طالب علم فارغ التحصیل ہوئے جنہوں نے آگے چل کر ملک اور شہر کی خدمت کی، انہوں نے جامعہ کراچی میں داخلہ حاصل کرنے والے نئے طالب علموں سے کہا کہ آپ ایک عظیم درسگاہ کا حصہ بن رہے ہیں، اس موقع پر میں آپ کو یہاں خوش آمدید کہنے آیا ہوں، اے پی ایم ایس او نے ہر سال کی طرح اس سال بھی نئے آنے والوں کو خوش آمدید کہنے کے لئے آج یہ پروگرام منعقد کرکے اچھا اقدام کیا، ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ کل وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں کراچی کے سارے مسائل ان کے سامنے رکھے جن میں پانی ،سیوریج، ٹرانسپورٹ اور دیگر مسائل شامل ہیں، ہم نے جن مقاصد کے لئے اتحاد کیا تھا انہیں دہرایا گیا مگر مجھے نہیں لگتا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے فوری وسائل مہیا کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ نہ وفاق کے پاس اور نہ ہی سندھ کے پاس وسائل ہیں کہ کراچی کے مسائل حل ہوں،میئر کراچی نے کہا کہ سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا فیصلہ درست نہیں ہے، ٹیم کی کارکردگی کا سارا ملبہ سرفراز احمد پر نہیں ڈالنا چاہئے، میئر کراچی نے کہا کہ حکومت سے الگ ہونا بہت آسان ہے مگر مسئلے کا حل نہیں ہم کوشش کررہے ہیں کہ شہر کے مسائل حل ہوں اور اس کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں، کوئی بڑا فیصلہ کرنے سے پہلے پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اس کو بھی دیکھنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کی روک تھا م کے لئے کوشش کررہے ہیں، شہر کے تمام اسپتالوں میں متاثرہ افراد کے لئے ویکسین دستیاب ہونی چاہئے، انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی تمام تجاوزات کے خاتمے تک بلاتعطل جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ حکومت کی صفائی مہم میں ہم ساتھ ہیں اس دوران کافی مقدار میں کچرا بھی اٹھایا گیا مگر یہ مستقل حل نہیں، کراچی میں صفائی کے لئے ڈسٹرکٹس کو فنڈ دینے کی ضرورت ہے تاکہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی ہو اور کچرا شہر سے باہر جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں