ڈاکٹر اکمل وحید کو لاپتہ کرنا ماورائے عدالت اقدام ہے ،ْفوری بازیاب کرایا جائے ،ْحافظ نعیم الرحمن

آئین و قانون سے ماورا قدامات قابل مذمت ہیں جنہیں کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے میں قبول نہیں کیا جاسکتا ،امیر جماعت اسلامی سندھ

بدھ 23 اکتوبر 2019 21:22

ڈاکٹر اکمل وحید کو لاپتہ کرنا ماورائے عدالت اقدام ہے ،ْفوری بازیاب کرایا جائے ،ْحافظ نعیم الرحمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ڈاکٹر اکمل وحید کی ایک بار پھر اچانک گمشدگی اور لاپتہ ہونے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک ماورائے عدالت اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ آئین و قانون سے ماورااقدامات کی ہم مذمت کرتے ہیں ،ماورائے عدالت گرفتاریوں کی کارروائیاں کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے میں قبول نہیں کی جاسکتی ،کسی بھی شخص نے اگر کوئی جرم کیا ہے یا خلاف قانون کوئی کام کیا ہے تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہئے اور اسے عدالت میں پیش کیا جانا چاہئے اس طرح سے لاپتہ کرنے اور حراست میں لے کر کوئی اطلاع نہ دینا متاثرہ خاندان کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے ،اکمل وحید کے اہل خانہ کے اندر بھی شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کی اہلیہ کے مطابق وہ پیر کی شام سے اپنی گاڑی اور موبائل سمیت لاپتہ ہیں، ان کو اس وقت غائب کیا گیا جب وہ ایک مریض کے معائنے کے لئے اسپتال جارہے تھے اور تاحال وہ کسی بھی عزیز یا اہل خانہ کے کسی بھی فرد سے رابطے میں نہیں ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت اورمتعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ڈاکٹر اکمل وحید کو فی الفور بازیاب کیا جائے تاکہ ان کے اہل خانہ کی پریشانی اور بے چینی واضطراب دور ہو سکے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں