گورنر سندھ کی بابا گرونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ کی مناسبت سے گرو نانک دربار کراچی میں منعقدہ تقریب میں شرکت

بدھ 13 نومبر 2019 19:11

گورنر سندھ کی بابا گرونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ کی مناسبت سے گرو نانک دربار کراچی میں منعقدہ تقریب میں شرکت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بابا گرونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ کی مناسبت سے گرو نانک دربار کراچی میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی جے پرکاش، آفتاب صدیقی، رکن سندھ اسمبلی سنجے گھنگوانی، خرم شیر زمان، علی عزیز، شہزاد قریشی، سدرہ عمران اور دیگر بھی شرکت تھے۔

گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق موجودہ حکومت کی جانب سے تمام اقلیتی برادری کو یکساں حقوق فراہم کئے جارہے ہیں، جبکہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی بھی مکمل آزادی ہے، اس کے علاوہ دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں بھی تزئین وآرائش کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کرتار پور راہداری کھولنے سے ملک میں مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے جبکہ پاکستان میں تمام اقلیتی برادری کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ تقریب میں سردار رمیش سنگھ خالصہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سکھ برادری بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور شکر گزار بھی ہے۔ اس کے علاوہ تقریب سے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش اور رکن سندھ اسمبلی سنجے گھنگوانی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن انچیف سردار رمیش سنگھ خالصہ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو چادر اور شیلڈ پیش کی جبکہ دیگر مہمان گرامی کو تحائف بھی پیش کئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں