پی آئی اے اور اتحاد ائر ویز کے درمیان کوڈ شیئر معاہدے کی تجدید کر دی گئی

معاہدے کے تحت پی آئی اے کے مسافر اتحاد ائیرویز کی دنیا بھر کی پروازوں میں سفر کر سکیں گے

جمعرات 14 نومبر 2019 20:47

پی آئی اے اور اتحاد ائر ویز کے درمیان کوڈ شیئر معاہدے کی تجدید کر دی گئی
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی ای) اور اتحاد ائر ویز کے درمیان کوڈ شیئر معاہدے کی تجدید کر دی گئی، معاہدے کے تحت پی آئی اے کے مسافر اتحاد ائیرویز کی دنیا بھر کی پروازوں میں سفر کر سکیں گے جبکہ اتحاد ائیرویز کے مسافر ابوظہبی سے پاکستان کے لئے پی آئی اے کی پروازوں میں سفر کر سکیں گے۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قومی ائیر لائن کے مسافروں کو اب دونوں ائر لائنوں کی پروازوں پر فوری بکنگ شروع کر دی گئی ہے اور 26 نومبر سے سفر کیا جا سکے گا۔ کوڈ شیئر معاہدے کے تحت پی آئی اے کے مسافراتحاد ائیرویز کی پاکستان سے ابوظہبی کی دو طرفہ پروازوں کے علاوہ ایمسٹرڈیم، بحرین، کولمبو، شکاگو، فرینکفرٹ، لاس اینجلس، میڈرڈ، ماسکو، واشنگٹن اور زیورخ کی پروازیں استعمال کر سکیں گے جبکہ حکومت کی منظوری کے بعد عمان، ایتھنز، برسبین، سڈنی، میلبورن، نیروبی اور روم کی پروازیں بھی استعمال کی جا سکیں گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح اتحاد ائیرویز کے مسافر پی آئی اے کی ابوظہبی سے لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے لئے دو طرفہ پروازیں استعمال کر سکیں گے۔ پی آئی اے کے چیف کمرشل آفیسر نوشیروان عادل نے کہا ہے کہ یہ پی آئی اے کے لئے نہایت خوشی کی بات ہے کہ اتحاد ائیرویز کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدے کی تجدید ہو ئی ہے۔ اس معاہدے سے پی آئی اے کے مسافروں کو ابوظہبی اور دنیاکے مختلف مقامات تک رسائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط باہمی تعلقات ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ اب ہم اتحاد ائیرویز کے دوستوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ اتحاد ائیرویز کے چیف کمرشل آفیسر روبن کمارک نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان مضبوط تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ پی آئی اے کا شمار ایشیاء کی پرانی اور تجربہ کار ائیر لائن میں ہوتا ہے جو کہ دونوں ائیر لائنوں کی ترقی کے لئے نہایت خوش آئند ہے۔

اس معاہدے سے دونوں ائیر لائنوں کے مسافروں کو پاکستان اور ابوظہبی کے درمیان براہ راست سفر کی سہولت کے علاوہ خاص طور پرپاکستان سے سفر کرنے والوں کو ابوظہبی سے دنیا کے مختلف مقامات تک سفر کی سہولت میسر ہو گی۔ پی آئی اے ابوظہبی کے لئے گزشتہ تین دہائیوں سے سفری سہولت فراہم کر رہی ہے اور لاہور، اسلام آباد اور پشاور سے ہفتہ وار سات دو طرفہ پروازیں ابوظہبی کے لئے چلائی جارہی ہیں۔ اتحاد ائیرویز نے پاکستان کے لئے نومبر2004 ء سے پروازیں شروع کیں جبکہ آج کل اتحاد ائیرویز ابوظہبی سے دو ہفتہ وار پروازیں اسلام آباد، گیارہ ہفتہ وار پروازیں لاہور اور کراچی کے لئے روزانہ پرواز چلا رہی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں