پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے، ہم پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں، ترکی اور دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی اپنی معیشت کو مستحکم کرنا چاہتا ہے اس کے لئے ہم سب کو مل کر عملی اقدام اٹھانا ہونگے

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام ایکو سی سی آئی کی27 ویں ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 15 نومبر 2019 00:03

پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے، ہم پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں، ترکی اور دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی اپنی معیشت کو مستحکم کرنا چاہتا ہے اس کے لئے ہم سب کو مل کر عملی اقدام اٹھانا ہونگے
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے ہم پاکستان کے سوفٹ امیج کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں، ترکی اور دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی اپنی معیشت کو مستحکم کرنا چاہتا ہے اس کے لئے ہم سب کو مل کر عملی اقدام اٹھانا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے زیر اہتمام فیڈریشن ہائوس میں جمعرات کو منعقدہ اکنامک کارپوریشن آرگنائزیشن چیمبر آف کامرس انڈسٹری (ایکو سی سی آئی) کی27 ویں ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایکو سی سی آئی کے ممالک بشمول افغانستان، ترکی، ایران، ازبکستان، ترکمانستان، تاجکستان، کرغزستان کے وفود نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے ہم اپنی زرعی مصنوعات ای سی او ممالک کو برآمد کرسکتے ہیں ، معیشت کے استحکام کے لئے مضبوط اکنامک بلاک بنا نا ہوگا اس کے علاوہ ای سی او ممالک میں اکنامک زون کے قیام سے علاقائی اہمیت مزید مستحکم ہوگی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی سرمایہ کاری کی پالیسی کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہے جس سے ای سی او ممالک اور پاکستان کے درمیان تجارت کو مزید وسعت دی جا سکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس وقت پاکستان سمیت پورے ریجنل میں ترقی کے بہت مواقع موجود ہیں جبکہ حکومت کا بھی یہی فوکس ہے کہ تجارت بڑھائی جائے، ای سی او میں شامل تمام ممالک کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر صدر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت انجینئر دارو خان اچکزئی نے کہا کہ گورنر سندھ کی آمد نے اجلاس کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اس موقع پر ترکی چیمبر کے نائب چئیرمین سعید بن حافظی نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کا فروع اہمیت کا حامل ہے اس ضمن میں ان سیکٹرز کو بھی فوکس کرنا ضروری ہے جس کے تحت دوطرفہ تجارت میں مزید اضافہ ہو۔ ایکو سی سی آئی میں شامل ممالک ہیومن ریسورس کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر فوکس کررہے ہیں۔ بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں