ڈی جی رینجرز(سندھ) میجر جنرل عمر احمد بخاری کاسائیٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کا دورہ

جمعرات 14 نومبر 2019 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) ڈی جی رینجرز(سندھ) میجر جنرل عمر احمد بخاری نے آج سائیٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کا دورہ کیا اور ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات کی۔ ممبران نے ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی کے حوالے سے ڈی جی رینجرز کوآگاہ کیا۔اس موقع پر ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنرل عمر احمد بخاری نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی بحالی اور دہشتگردی کے خاتمے میں قانون نافذ کر نے والے اداروں کے ساتھ ساتھ عوام بالخصوص تاجر برادری نے اہم کر دار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے بالخصوص اسٹریٹ کرائم کے تدارک کیلئے مثر اقدامات کر رہے ہیں۔ایسوسی ایشن کے ممبران نے ڈی جی رینجرز (سندھ)کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پرایسوسی ایشن کے ممبران نے رینجرز کی جانب سے شہر میں دہشتگردی کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور تاجر برادری کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار تشکر کر تے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں