کراچی کے بچوں اور فیملی کے لئے تفریح کی کوئی سہولت نہیں ، میئر کراچی وسیم اختر

بلدیہ عظمی کراچی نے سفاری پارک میں کشمیر پوائنٹ کے نام سے بہترین سہولت مہیا کی ہے

اتوار 17 نومبر 2019 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے بچوں اور فیملی کے لئے تفریح کی کوئی سہولت نہیں بلدیہ عظمی کراچی نے سفاری پارک میں کشمیر پوائنٹ کے نام سے بہترین سہولت مہیا کی ہے جبکہ دوسرے پارکوں میں بھی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس پوانٹ پر کشمیر کے حسن اور خوبصورتی کی کاپی کی گئی ہے اس کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن کے ہمراہ سفاری پارک میں کشمیر پوائنٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل انہوں نے کشتی میں کشمیر پوائنٹ پر جا کر اس کا افتتاح کیا، جس کے بعد 210 فٹ آبشار جھیل میں گرنے لگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کشمیر پوائنٹ تعمیر کیا گیا۔

یہ ایک پیغام بھی ہے کہ کراچی کے عوام کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔ واضح رہے کہ سفاری پارک میں کشمیر پوائنٹ 210 فٹ سے زائد بلند پہاڑی سے ایک خوبصورت آبشار کو چار ایکڑ رقبہ پر محیط سفاری جھیل میں گرایا گیا ہے۔ اس پوائنٹ میں سری نگر ڈل جھیل کا تصور پیش کیا گیا ہے۔جہاں دریا جہلم ڈل جھیل میں گرتا ہے۔جھیل میں کشتی رانی کی سہولت بھی ہو گی۔

جس پر سیاح کشمیر پوائنٹ تک جا سکیں گے جھیل میں کشتی رانی کو سری نگر ڈل جھیل میں شکارے کا تصور دیا گیا ہے 210 فٹ بلند پہاڑی پر کشمیر کی مناسبت سے درخت اور پودے پھول دار بیلیں لگائی گئی ہیں۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سفاری پارک میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ آرہے ہیں یہ پارک کراچی کے عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ بچوں اور فیملی کے لئے کشمیر پوائنٹ بنایا ہے جہاں بہت اچھی تفریح مہیا کی گئی ہے شہر میں بچوں کے لئے کوئی تفریح مرکز نہیں یہ سہولت سفاری میں مہیا کی گئی ہے۔

شہر میں بہت مسائل ہیں سندھ حکومت ڈینگی مریضوں اور آوارہ کتوں کے خاتمے میں تعاون کریں سفاری پارک میں لاکھوں کی تعداد میں پردیسی پرندے بھی آئے ہوئے ہیں جن کو تحفظ دیا گیا ہے اس سے بھی ماحول خوبصورت ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر سمیت دیگر پارکوں میں بھی سہولت مہیا کی جا رہی ہے ہم محدود وسائل میں کراچی کے شہریوں کے لئے ہر ممکن سہولیات پہچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

سفاری پارک میں جاری تین روزہ میلہ اتورا کی رات کو ختم ہوا میلے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جس میں بچوں اور خواتین کی تعداد زیادہ تھی جب کے بلدیاتی منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔ مئیر کراچی وسیم اختر میلے میں موجود خواتین و حضرات سے خطاب بھی کیا میٹروپولیٹن کمیشنر ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی نے مئیر کراچی کی توجہ اور دلچسپی سے کراچی کے شہریوں کو خوبصورت پوائنٹ مہیا کیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں