حکومت سندھ آبادگاروں کے ساتھ زیادتی کا سلسلہ بند کروائے

رائس ملرز آبادگاروں کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، فردوس شمیم نقوی

بدھ 20 نومبر 2019 22:10

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ آبادگاروں کے ساتھ زیادتی کا سلسلہ بند کروائے، چاول کی فصل پر ملرز مالکان آبادگاروں کے ساتھ نا انصافی کر رہے ہیں، رائس ملرز آبادگاروں کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اس وقت رائس ملرز معاہدے کے مطابق زیادہ مقدار میں فصل کی کٹوتی کر رہے ہیں جس کی کوئی وجہ نہیں بتائی جاتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی اپوزیشن لیڈر آفس میں بدین سے آئے ہوئے آبادگاروں کے وفد سے ملاقات کے بعد اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ آبادگاروں نے فردوس شمیم نقوی کو اپنے مسائل سے آگاہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ آبادگار اپنی شکایت لے کر صوبائی وزیر اسماعیل راہو کے پاس گئے لیکن انہوں نے انکی شکایت پر کان نہیں دھرے۔

مارکیٹ میں چاول کی قیمتیں تو بڑھا دی گئی ہیں لیکن آبادگاروں کو اب تک کوئی اضافی قیمت ادا نہیں کی جارہی۔ رائس ملرز فوری طور پر اپنی قیمتوں میں کمی کریں یا پھر غریب کسانوں کوان کا جائز حصہ دیں۔ رائس ملرز اور آبادگاروں کے درمیان موجود سرکاری افسران غریبوں کا حق مار رہے ہیں اور ملرز کا ساتھ دے کر انہیں فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اس معاملے پر آبادگاروں کے ساتھ ہے اور ہر فورم پر ان کے لئے آواز بلند کریں گے۔ ہم نیب اور ایف آئی اے سے بھی درخواست کریں گے کہ اس معاملے کی شفاف انکوائری کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں