جامعات معاشرے کے مسائل کی نشاندہی اور ان کے تدارک کے لئے کردار ادا کریں، ڈاکٹر خالد عراقی

جمعرات 21 نومبر 2019 18:25

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2019ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالدمحمود عراقی نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرہ ہی ایک ترقی یافتہ معاشرے کی ضمانت ہے،جامعات کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے کے مسائل کی نشاندہی کرے اور ان کے تدارک کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں، اساتذہ اپنی تحقیق کو معاشرے کے مسائل سے منسلک کریں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز و پالیسی سازوں کیلئے تجاویز اور سفارشات مرتب کریں، معاشرے کی فلاح ہی ہماری تحقیق و تدریس کا نصب العین ہونا چاہئے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ سماجی بہبود اور ایچ ای سی کے اشتراک سے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی اور صحت پر ایک مشترکہ منصوبہ کی تکمیل کے موقع پر وائس چانسلر سیکریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ،چیئرمین شعبہ سماجی بہبود جامعہ کراچی ڈاکٹر محمد شاہد،شعبہ سماجی بہبود کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سکینہ ریاض اور ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن بھی موجود تھیں۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے ایسے منصوبوں کی افادیت پر روشنی ڈالی اور ان کی ضرورت پرزور دیا۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی صحت کے شعبے میں بہتری کے ایسے منصوبوں کو سپورٹ کرتی رہے گی۔شعبہ سماجی بہبود کی اسسٹنٹ پروفیسر اور منصوبے کی نگران ڈاکٹر سکینہ ریاض نے جامعہ کراچی کے شعبہ سماجی بہبود اور ایچ ای سی کے اشتراک سے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی اور صحت پر مشترکہ منصوبے کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ہمارے طلبہ نے گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے زیر نگرانی چلنے والے گڈاپ ٹائون اور ریڑھی گوٹھ کے اسکولوں کا دورہ کیا ،ان میں صفائی، شجرکاری مہم،آگاہی ورکشاپ منعقد کی گئیںاور اس ضمن میں پوسٹر سازی کا مقابلہ کا بھی منعقد کیا گیا ۔

انہوں نے جامعہ کراچی کے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کی مینجرریسرچ آپریشنز اینڈ ڈیولپمنٹ ڈاکٹر اسماء تبسم کی مذکورہ پروجیکٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرانے پر شکریہ اداکیا اور ان کے کردار کو سراہا۔ڈائریکٹرآفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر عالیہ رحمن نے کمیونٹی آئوٹریچ پروگرامز پر تفصیلی روشنی ڈالی۔رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے بھی منصوبے کو بے حد سراہا۔ تقریب کے اختتام پر بدست شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اسکولوں کے پرنسپلز،سہولت کاروں اور شرکا ء کو سرٹیفیکیٹ اور شیلڈز پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں