واٹر بورڈ کی تمام ٹریڈ یونین باہم اتحاد سے پرائیوٹائزیشن کے خلا ف بھرپور مزاحمتی تحریک چلائیں گے، واٹر بورڈ ٹریڈ یونینز ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ

جمعرات 21 نومبر 2019 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ آل رجسٹرڈ ٹریڈ یونین ورکنگ کمیٹی کا اجلاس یونائیٹڈ ورکرز یونین کے جنرل سیکریٹری اکرام خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، اجلاس میں پیپلز لیبر یونین، یونائیٹڈ ورکرز یونین، مزدور یونین، لیبر فرنٹ، جنرل ایمپلائز یونین، ڈیموکریٹک لیبر فرنٹ پر مشتمل کمیٹی اراکین محسن رضا، رحیم اعوان، خالد خان، عبدالقیوم خان، اشفاق اعون اور اکرام خان نے شرکت کی۔

اجلاس میں طے پایا کہ کمیٹی کے اراکین ایم ڈی واٹر بورڈ سے جلد ہی ملاقات کرکے نجکاری کے حوالے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ اراکین نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ایک جانب کروڑوں روپوں کے عوض کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کیلئے سسٹم کی بہتری کا بہانہ بنایا جارہا ہے دوسری جانب ورلڈ بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور دیگر غیرملکی مالیاتی اداروں سے قرض کی ہوس انفرااسٹرکچر کے نام پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی یقین دہانی کروارہی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز DPC کے اجلاس کو منسوخ کرکے افسران کی ترقیاں روکنا اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نظام کو چلانے کی باتیں کرنے سے انتظامیہ کا دہرا معیار کھل کر سامنے آگیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے یہ ثابت کیا جارہا ہے کہ سسٹم ان سے چل نہیں رہا ہے۔ جس کی وجہ سے ماہرین کی ضرورت پیش آرہی ہے جو کہ واٹرج بورڈ کے ملازمین کے خلاف گھنائونی سازش ہے۔

35 برس سے یہی ملازمین واٹور بورڈ ادارے کے سسٹم کو احسن طریقے سے چلارہے ہیں جس کی بدولت فراہمی آب کی ترسیل اور نکاسی آب کا نظام جاری و ساری ہے۔ ادارے کی تمام ٹریڈ یونین باہم اتحاد و یکجہتی سے پرائیویٹائزیشن کی گھنائونی سازش کے خلاف بھرپور مزاحمتی تحریک چلائیں گے۔ اجلاس میں پنھل مگسی، اشفاق اعوان، شفقت شیرازی، یوسف رضی، لیاقت علی مگسی، جنید خان، صغیر انصاری، جوزف صنم اور اشرف اعوان بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں