کے ایم ڈی سی کے اساتذہ اور عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹروں کی تنخواہیں فوری ادا کی جائے ،ْ حافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی ڈاکٹروں کیساتھ ہے ،مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیگی،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو

جمعرات 21 نومبر 2019 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سلطان کی قیادت میں ایک وفدنے ملاقات کی اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ختم کرکے پاکستان میڈیکل کونسل بنانے ،کے ایم ڈی سی کے سینئر پروفیسر اساتذہ اور عباسی شہید اسپتال کے جونیئر ڈاکٹروں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی ،جناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی اورچانڈکا میڈیکل کالج میں ڈاکٹروں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔

وفد میںینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن سندھ کے صدر یاسین عمرانی ،ڈاکٹر محبوب نوناری اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات میںپبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر وں نے بتایا کہ حکومت نے پی ایم ڈی سی کو اچانک ختم کرکے پی ایم سی بنا دی ،حکومت کا یہ اقدام سراسر غیر قانونی اور غیر آئینی ہے ،کونسل ختم کرنے سے قبل ڈاکٹروں کی کسی بھی تنظیم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی سی کے سینئر اساتذہ اور پروفیسر کو 6ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں جبکہ عباسی شہید کے جونیئر ڈاکٹرز سنگین مسائل کا شکار ہیں اور ان کو دس دس مہینے تک تنخواہیں نہیں ملتی اسی طرح لاڑکانہ میں بھی ڈاکٹروں کو تنخواہوں کی ادائیگی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے ۔حافظ نعیم الرحمان نے وفد کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ڈاکٹروں کے ساتھ ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی گی ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے ایم ڈی سی اور عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹروں ،سینئر اساتذہ اور پروفیسر کی تنخواہیں فوری ادا کی جائے اور ڈاکٹروں کے مسائل حل کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہر کے دو بڑے طبی اداروں کی بدحالی اور ڈاکٹر و اساتذہ کے مسائل سے چشم پوشی کرنے اور بدترین صورتحال کی ذمہ داری کے ایم سی پر ڈالنے کے بجائے اپنی ذمہ داری بھی پوری کرے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کی نا اہلی اور غفلت کے باعث صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جارہی ہے ،کئی کئی ماہ تک تنخواہیں نہ ملنے پر ڈاکٹرز اور اساتذہ سخت بے چینی اور اضطراب میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں اور او پی ڈی بھی شدید متاثر ہورہی ہے اور طلبہ و طالبات اور مریضوں کو بھی شدید مشکلات و پریشانی ہو رہی ہیں ۔مریضوں کے بہتر علاج کے لئے ڈاکٹروں کا ذہنی جسمانی مالی طور پر مطمئن ہونا ضروری ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں