دعا اغوا کیس میں اہم ترین پیش رفت، زخمی ہونے والا دوست حارث ہوش میں آگیا

پولیس کے دیے گئے بیان میں واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کی شناخت کر لی، اغوا کاروں کی تعداد بھی بتا دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 6 دسمبر 2019 23:51

دعا اغوا کیس میں اہم ترین پیش رفت، زخمی ہونے والا دوست حارث ہوش میں آگیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2019ء) دعا اغوا کیس میں اہم ترین پیش رفت، زخمی ہونے والا دوست حارث ہوش میں آگیا پولیس کے دیے گئے بیان میں واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کی شناخت کر لی، اغوا کاروں کی تعداد بھی بتا دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس سے اغوا ہونے والی لڑکی دعا کے دوست حارث کو ہوش آ گیا ہے۔ حارث اغوا کاروں کی گولی لگنے کے باعث زخمی ہو گیا تھا اور ہسپتال میں زیر علاج تھا۔

حارث نے پولیس کو دیے بیان میں اغوا کاروں کی جانب سے استعمال کی جانے والی گاڑی کی شناخت کر لی ہے۔ جبکہ حارث نے یہ بھی بتایا ہے کہ دعا کو اغوا کرنے والوں کی تعداد 4 سے 5 تھی۔ دوسری جانب کراچی میں گزشتہ ہفتے ڈیفنس کے پوش علاقے سے اغواء ہونے والی دعا منگی کا پتہ تو اب تک نہ لگ سکا تاہم اس کیس کو تفتیشی حکام نے بسمہ کے اغواء کیس سے ملتا جلتا قرار دیدیا۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسران نے بتایا کہ رواں سال مئی میں ڈیفنس میں گھر کے باہر سے اغوا ہونے والی بسمہ کیس سے جڑے شواہد اور تحقیقات کرنے والے افسران سے مشاورت شروع کر دی ہے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کیسز میں چار سے پانچ ملزمان شامل ہیں اور دونوں کیسز میں ملزمان رابطے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں۔تفتیشی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان جدید ٹیکنالوجی کے ایکسپرٹ ہیں اور رابطوں کے لیے وہ ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں۔

دوسری جانب میڈیا میں گردش کرنے والی لڑکی کے اہل خانہ کو تاوان سے متعلق خبر بھی غلط نکلی، اس حوالے سے مغویہ کے ماموں اعجاز منگی کا کہنا ہے کہ میں اس بات کی تردید کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک دعا کے اغوا کاروں کی جانب سے تاوان کے حوالے سے کوئی کال نہیں آئی، اگر پولیس کو اس حوالے سے کوئی معلومات تھیں تو میڈیا کو خبر دینے کے بجائے ان کی ذمہ داری تھی کہ پہلے دعا کے اہلِ خانہ کے علم میں لائیں۔علاوہ ازیں پولیس کا کہنا ہے کہ تین مقامات پر واردات کی جیو فینسنگ کی گئی، ذرائع کے مطابق پولیس نے بیان قلمبند کرکے عینی شاہدین کو چھو ڑدیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں