کے الیکٹرک میں ریفرنڈم برائے سوداکار یونین (سی بی ای) کے الیکشن (آج)ہونگے، 40 سے زائد پولنگ بوتھ قائم

ریفرنڈم میں کے الیکٹرک کی پانچ مزدور یونین الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں جن میں سے تین یونینز کو سیاسی جماعتوں کی سپورٹ حاصل الیکشن کے سلسلے میں کراچی کے تمام دفاتر میں رائے شماری کی جائے گی جن میں مختلف یونینز سے وابستہ کارکنان شریک ہو کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے

اتوار 8 دسمبر 2019 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2019ء) کے الیکٹرک میں ریفرنڈم برائے سوداکار یونین (سی بی ای) کے الیکشن آج (پیر) ہوں گے۔ ریفرنڈم میں کے الیکٹرک کی پانچ مزدور یونین الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں جن میں سے تین یونینز کو سیاسی جماعتوں کی سپورٹ حاصل ہے۔ کے الیکٹرک میں سوداکار یونین (سی بی ای) کے الیکشن کے سلسلے میں کراچی کے تمام دفاتر میں رائے شماری کی جائے گی جن میں مختلف یونینز سے وابستہ کارکنان شریک ہو کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔

کراچی کے 40 سے زائد دفاتر میں پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ کے الیکٹرک میں ریفرنڈم میں سرفہرست مزدور یونین کے ای ایس سی لیبر یونین کی جانب سے چیئرمین محمد اخلاق خان ’’ٹاور‘‘ کے انتخابی نشان کے ساتھ سی بی اے کی چیئرمین شپ کے امیدوار ہیں ۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ کی حمایت یافتہ مزدور یونین یونائیٹڈ ورکرز فرنٹ انتخابی نشان ’’مکا‘‘ اور پیپلز پارٹی کی حمایت یافتہ پیپلز ورکرز یونین کے الیکٹرک اپنے انتخابی نشان ’’بلب‘‘ کے ساتھ میدان میں ہے۔

پیپلز ورکرز یونین کے الیکٹرک کی جانب سے اسلم سموں صدر کے امیدوار ہیں۔ انتخابات میں دو مزدور یونین شریک ہوں گی جن میں کارکنان ورکرز پاور یونین کے الیکٹرک اپنے انتخابی نشان ’’اسٹار‘‘اور تحریک انصاف کی حمایت یافتہ تنظیم انصاف ایمپلائز یونین کے الیکٹرک اپنے انتخابی نشان ’’گلاب کے پھول‘‘ کے ساتھ انتخابات میں شریک ہے۔ انتخابات میں تین یونینز میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جن میں کے ای ایس سی لیبر یونین، پیپلز ورکرز یونین اور یونائیٹڈ ورکرز فرنٹ مدمقابل ہیں۔

انتخابات کے سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی نے کے الیکٹرک میں سوداکار یونین (سی بی ای) کے تعین کے لئے آج (پیر) رائے شماری کے انعقاد پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کمپنی اس اہم ایونٹ کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) کو مکمل تعاون فراہم کررہی ہے ۔اور ہماری جانب سے کارکنان کے انجمن سازی کی آزادی کے قانونی حقوق کی حمایت اور احترام کا ثبوت ہے۔ ہم اس بات کے لئے پرامید ہیں کہ ریفرنڈم کمپنی کی ترقی کے لئے مینجمنٹ اور ٹریڈ یونین کے مابین مثبت تعلقات میں نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں