دعا منگی نے اغواکاروں سے متعلق حیران کن انکشافات کر دئیے

ملزمان نے کہا ہمیں تمہارے لباس اور انداز سے غلط فہمی ہوئی کہ تم کسی امیر خاندان سے تعلق رکھتی ہو،7روز تک زنجیروں میں قید رکھا گیا،ملزمان آپس میں اردو میں بات کرتے تھے۔ دعا منگی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 9 دسمبر 2019 11:01

دعا منگی نے اغواکاروں سے متعلق حیران کن انکشافات کر دئیے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09دسمبر2019ء) کراچی سے اغوا ہونے والی دعا منگی دو روز قبل اپنے گھر واپس پہنچ گئی تھی۔دعا منگی ایک ہفتے تک اغواکاروں کی قید میں رہی۔دعا کی رہائی کے بعد اب مزید کئی انکشافات دیکھنے میں آ رہے ہیں جب کہ کراچی پولیس کے لیے ابھی بھی یہ کیس چیلنج بنا ہوا ہے۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق دعا منگی نے اپنے خاندان کو بتایا کہ ملزمان نے اس سے کہا کہ ہمیں تمہارے لباس اور انداز سے غلط فہمی ہوئی کہ تم کسی امیر خاندان سے تعلق رکھتی ہو۔

ملزمان نے مجھے 7روز تک زنجیروں میں باندھ کر رکھا تاہم تشدد نہیں کیا۔دعا منگی نے مزید کہا کہ ملزمان پروفیشنل کرمنلز لگتے تھے۔دعا منگی نے اپنے خاندان کو یہ بھی بتایا کہ انہیں سات روز تک ہاتھ اور پیر میں زنجیر باندھ کر رکھا گیا جب کہ آنکھوں پر پٹی باندھی ہوئی تھی لیکن اغواکاروں نے ان پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان آپس میں اردو میں بات کرتے تھے۔

دعا منگی کے خاندان کا کہنا ہے کہ ملزمان صفورا چورنگی سے حسن اسکوائر کے درمیان کہیں ٹھکانہ رکھتے ہیں۔دعا منگی کے والد کو بھی اسی علاقے میں بلایا گیا۔واضح رہے کہ تاوان کی ادائیگی کے ایک ہفتے بعد دعا منگی ہفتے کے روز گھر پہنچی تھیں۔ ذرائع کے مطابق رہائی کا طریقہ کار سوشل میڈیا پر طے ہوا۔ بتایا گیا کہ دعا منگی کے اغوا میں ہائی ٹیک گروہ ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اغوا کاروں نے دعا کے اہل خانہ سے بات کے دوران ویڈیو کال پر گھر کا جائزہ بھی لیا تھا، دعا کے اغوا میں ملوث گروہ پر پہلے بھی شہر میں واردات کا شبہ ہے، مئی میں ڈیفنس ہی سے اغوا ہونے والی بسمہ کے کیس میں بھی یہی گروہ ملوث تھا۔

بسمہ اور دعا کے اغوا کے کیسز میں مماثلت بتائی جا رہی ہے، بسمہ کو بھی بھاری تاوان کی ادائیگی کے بعد چھوڑا گیا تھا، سات مہینے گزرنے کے بعد بھی بسمہ کیس کے ملزمان گرفتار نہیں ہوئے، سندھ پولیس دعا منگی کے کیس میں بھی مکمل طور پر بے بس نظر آ رہی ہے۔ یاد رہے کہ 30نومبر کو رات گئے ڈیفنس سے اغوا ہونے والی دعا منگی ازخود گھر پہنچ گئی تھی۔

دعا منگی کی رہائی ڈیڑھ کروڑ تاوان کی ادائیگی کے بعد ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ تاہمدعا منگی کے اہلِ خانہ اس حوالے سے کوئی بھی تفصیلات فراہم کرنے سے گریزاں تھے۔ ذرائع کے مطابق دعا منگی کو بازیاب کرانے میں سندھ پولیس ناکام رہی اوراس کی رہائی مبینہ طورپرتاوان کے عوض عمل میں آئی۔دعا منگی کے ماموں وسیم منگی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا الحمدللہ دعا گھرپر خیریت سے ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں