آئی جی سندھ سے کرائم رپورٹرزایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

رجسٹرڈ صحافیوں کیخلاف ممکنہ قانونی اقدامات پرسی آر اے کی مشاورت شامل کی جائیگی ،ڈاکٹرکلیم امام

منگل 10 دسمبر 2019 17:51

آئی جی سندھ سے کرائم رپورٹرزایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام سے کرائم رپورٹرزایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران، نمائندگان سمیت گورننگ باڈی میں شامل صحافی حضرات کے وفد نے خصوصی ملاقات کی۔وفد کی سربراہی حالیہ عام انتخابات میں منتخب ہونیوالے سینئر صحافی و صدر کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن سمیرقریشی کررہے تھے جبکہ دیگر شرکاء میں نائب صدرزیشان شاہ، سیکریٹری طحٰہ عبیدی، ریحان چشتی،کاشف ہاشمی(جوائنٹ سیکریٹری)،سہیل شبیر(سیکریٹری اطلاعات)، رجب علی(ٹریژرر) کے علاوہ سی آر اے کی گورننگ باڈی کا حصہ بننے والے کاشف مشتاق، عامرمجید،خرم گلزار، سالک شاہ،سلمان لودھی اورندیم احمدبھی موقع پرموجود تھے ۔

آئی جی سندھ نے کرائم رپورٹرزایسوسی ایشن کے عام انتخابات میں صدر،جوائنٹ سیکریٹری اور سیکریٹری اطلاعات کومنتخب ہونے پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا،مبارکباددی اورشعبہ صحافت کے لیئے انکی جملہ کاوشوں اور جدوجہدکوسراہااور تعریف کی۔

(جاری ہے)

وفد کی جانب سے صحافتی امور میں مختلف مشکلات اور باالخصوص جعلی صحافیوں اور سوسائیٹیز کے باعث شعبہ صحافت کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصانات کا احاطہ کرنے پر آئی جی سندھ نے کہا کہ شعبہ صحافت کو بدنام کرنیوالے جعلی صحافیوں اورمختلف جعلی سوسائٹیز کی آپ نشاندہی کریں تاکہ ایسے عناصر کیخلاف مؤثر قانونی کاروائی کو آپکی معاونت اور نشاندہی سے یقینی بنایا جاسکے ۔

وفد کے استفسار پر آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ صحافیوں کیخلاف ممکنہ قانونی اقدامات پرسی آر اے کی مشاورت شامل کی جائیگی اوراس ضمن میں انسداد دہشت گردی کے تحت بھی ممکنہ پولیس کاروائی کے حوالے سے سی آر اے سے روابط،مشاورت اور تعاون پرخصوصی فوکس ہوگا۔آئی جی سندھ نے وفد سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم،کھیل کے میدان یا دیگرشعبہ ہائے زندگی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہر کرنے یا امتیازی پوزیشن حاصل کرنیوالے صحافیوں کے بچوں کو سندھ پولیس کیجانب سے باقاعدہ اعزاز،تعریفی اسناداورانعامات دیئے جائیں گے ۔

انہوں نے وفد میں شامل صحافیوں کو فارنزک لیب کا باقاعدہ وزٹ کرانیکے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ مسائل ومشکلات کے حل، درپیش چیلنجز سے نمٹنے سمیت جرائم کی نوعیت،وجوہات،علاقوں اورملوث عناصروگروہوں کی بیخ کنی کے لیئے پولیس کے ہاتھ مضبوط کریں اورجرائم سے پاک معاشرے کے قیام کے لیئے پولیس کے ساتھ ملکر اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کو یقینی بنائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں