موجودہ حکومت خواتین کو 50 لاکھ تک آسان شرائط پر کاروبار کے لیے قرضے فراہم کررہی ہے‘گورنر سندھ

ہمیں خواتین کو کام کرنے کے لیے مساوی مواقع دینے چاہئیں‘ گورنر سندھ کا اوورسیز انویسٹمینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب

منگل 10 دسمبر 2019 23:59

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ہمیں خواتین کو کام کرنے کے لیے مساوی مواقع دینے چاہئیں۔ اوورسیز انویسٹمینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ویمن ایمپاورمنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین اپنے خاندان کو سپورٹ کرنے کے لئے کام کررہی ہیں، پہلی دفعہ خواتین ایمپاورمینٹ کا ایوارڈ مردوں کو لیتے دیکھا۔

موجودہ حکومت خواتین کو 50 لاکھ تک آسان شرائط پر کاروبار کے لیے قرضے فراہم کررہی ہے جس سے خواتین کے لیے بھی ملازمت کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آسان شرائط پر قرضے سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے اور خواتیں کا معیشت میں کردار بھی بڑھے گا۔

(جاری ہے)

بہت سی خواتین کو حکومت کے اس پروگرام سے متعلق آگاہی نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ اس قسم کے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکتیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یونیورسٹیز میں امتیازی نمبر حاصل کرنے والوں میں لڑکیوں کی بڑی تعداد ہے جو اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ خواتین اب کسی بھی شعبے میں مردوں سے کم نہیں ہیں بلکہ وہ بہت سے شعبوں میں مردوں سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اوور سیز انویسٹمینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ویمن ایمپاورمنٹ ایوارڈ تقریب میں چیمبر کی ممبران کمپنیوں کو خواتین کو مساوی مواقع دینے اور ان کی ہمت افزائی کرنے پر ایوارڈز دیے گئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں