کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں مختلف کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جاری ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے

میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت

جمعہ 13 دسمبر 2019 23:30

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں کر کٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس سمیت مختلف کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جاری ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ سٹی اولمپکس کے موقع پر زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مقابلے یہاں منعقد کرائے جاسکیں۔

اسپورٹس کمپلیکس میں دستیاب گرائونڈز ،کورٹس اور انڈور گیمز تک تمام شہریوںکی رسائی ممکن بنائی جائیگی، زیر التواء کاموں کو جلداز جلد مکمل کر کے اسپورٹس کمپلیکس کو فعال بنانا اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، مشیر مالیات ریاض کھتری، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز اقتدار احمد، سینئرڈائریکٹر کوآرڈینشن مسود عالم، ڈائریکٹراسپورٹس اینڈ کلچرخورشید شاہ، انجینئرز اور دیگر افسران بھی موجو د تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں متعلقہ افسران نے مئیر کراچی کو اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسپورٹس کمپلیکس کے چار ایکڑ حصے پر کام جاری ہے، منصوبے کے فیز ون پر 2013 میں کام کا آغاز ہوا جس کی ترمیمی لاگت 207 ملین ہے اور95 فیصد کام مکمل ہوگیا جبکہ باقی ماندہ کام جاری ہے اور جلد مکمل کرلیاجائے گا۔ اسپورٹس کمپلیکس میں رولر اسکیٹنگ، جاگنگ ٹریک، انٹرننل روڈ کی کارپیٹنگ بیڈمنٹن اور ٹینس کورٹس، باسکٹ بال، اسکواش، بائولنگ ایلے، سوئمنگ اور دیگر کھیلوں کی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔

کرکٹ اور ہاکی گرائونڈ کا کام تکمیل کے قریب ہے جہاں اسٹیڈیم میں تین ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی کہ بڑے کاموں کے ساتھ تمام معمولی اور چھوٹے کاموں کو بھی مکمل کیا جائے تاکہ پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد کوئی رکاوٹ باقی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ سول ورکس کے ساتھ الیکٹریکل کاموں کو بھی تیزی سے پایا تکمیل کو پہنچایا جائے جس کے لیے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ حکمت عملی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کے میدانوں اور مراکز پر صرف کھیلوں سرگرمیاں ہوسکتی ہیں،کمرشل سرگرموں کی کسی قیمت اجازت نہیں دی جائے گی، اسپورٹس کمپلیکس میں بجلی کے استعمال کی مکمل نگرانی کی جائے اور غیر قانونی کنکشن فوری منقطع کردیا جائے، لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس سمیت دیگر کھیلوں کے مراکز کو بھی عام لوگوں کے لئے کھولنا چاہتے ہیں لہٰذا تما م کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں