سہیل انور سیال کی ہدایت پر بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری

ہفتہ 14 دسمبر 2019 16:52

سہیل انور سیال کی ہدایت پر بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) صوبائی وزیر برائے انسداد بدعنوانی سہیل انور سیال کی ہدایت پر کرپشن کے خلاف صوبے بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ایسٹ زون نے اراضی اور گاڑیوں کی رجسٹریشن میں دھوکہ دہی اور گھپلوں کے الزام میں محکمہ ریونیو اور محکمہ ایکسائز کے درجنوں افسران و آفیشلز کے خلاف 15 کیسز کا اندراج کر لیا ہے۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ایسٹ زون ضمیر عباسی نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن کمیٹی ون میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق اے سی ای ای زون نے جعلسازی اور مجرمانہ اقدام کے ذریعے زمین اور گاڑیوں کے اندراج میں دھوکہ دہی کے الزام میں محکمہ ریونیو اور ایکسائز کے کئی افسران و آفیشلز کے خلاف 15 کیسز رجسٹرڈ کرکے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی ڈی ایسٹ زون کے مطابق 211 ایکڑ رقبے پر مشتمل سرکاری اراضی پر قبضہ کر لیا گیا تھا جبکہ جعلی نیلامی کے کاغذات کی بنیاد پر 15 گاڑیاں غیر قانونی طور پر رجسٹرڈ کی گئی تھیں۔ اس ضمن میں چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اینٹی کرپشن ایسٹ زون نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم محمد جمیل کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایک گاڑی رجسٹریشن نمبر 7870 ٹیوٹا سرف 2016ء برآمد کر لی ہے۔ اعلامیہ میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے مزید چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں