کراچی اور حیدرآباد کے مہاجروں کا نام لے کر پھر ایم کیو ایم نے استعفوں کا ڈرامہ شروع کر رکھا ہے ،سید مصطفیٰ کمال

یہ پارٹی کا اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ مہاجر قوم کے نام پر یہ سب کیا جا رہا ہے،چیرمین پاک سرزمین پارٹی

ہفتہ 18 جنوری 2020 23:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2020ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے مہاجروں کا نام لے کر پھر ایم کیو ایم نے استعفوں کا ڈرامہ شروع کر رکھا ہے یہ پارٹی کا اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ مہاجر قوم کے نام پر یہ سب کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں بزرگ کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اتنے کچے کانوں کے آدمی تھے کہ انہوں نے عامر خان کی باتیں سن کر کردار والے لوگوں کو گنوا دیا اور خود بھی فارغ ہو گئے اور اب اس کے بعد یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔ ایم کیو ایم جو دکھا رہی ہے حقیقت اس کے برعکس ہے یہ لوگ کسی صورت اقتدار اور حکومت سے علیحدہ نہیں ہو سکتے کیونکہ یوسی ناظم سے لیکر رابطہ کمیٹی کے اراکین تک کی فائلیں تیار ہیں اور علیحدہ ہوتے ہی میئر سمیت سب گرفتار ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

عامر خان نے حقیقی بنانے کا جو اصل مقصد تھا وہ ایم کیو ایم میں آکر پورا کیا، پہلے انہوں نے انیس قائم خانی کے خلاف شکایات کا سلسلہ شروع کیا اور وہ خاندانی آدمی ہیں اس لیے اقتدار سے علیحدہ ہو کر پارٹی چھوڑ کر چلے گئے اور پھر ایم کیو ایم کا زوال شروع ہوا، فاروق ستار کے ہاتھوں میں جب ایم کیو ایم تھی تو انکے خلاف سازشیں کی گئیں اور اب خالد مقبول صدیقی کے خلاف کی جا رہی ہیں۔ ایم کیو ایم اس وقت پوری ایم کیو ایم حقیقی بن چکی ہے۔ کراچی کی تمام قومیتوں کے بزرگوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور نفرتیں مٹا کر نوجوانوں اور بچوں کو یہ بتانا ہو گا کہ ان کے مسائل کا حل کسی سے دشمنی میں نہیں بلکہ لسانیت کو ترک کر کے مسائل کی بنیاد پر سیاست کرنے میں ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں