گورنرسندھ عمران اسماعیل سے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد کی سربراہی میں ٹرانسپورٹر ز کے وفد کی ملاقات

بدھ 22 جنوری 2020 00:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد کی سربراہی میں ٹرانسپورٹر ز کے وفد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی، رکن سند ھ اسمبلی خرم شیر زمان اور محمود مولوی بھی موجود تھے۔ وفد میں نثار حسین جعفری، رانا اسلم، ملک شبر اور یسین نیازی شامل تھے۔

ملاقات میں معاشی، سماجی اور تجارتی سرگرمیوں میں ٹرانسپورٹرز کے کردار، مسائل، درپیش مشکلات اور دیگر امورپر بتادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مطالبات میں پیش رفت، درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے کمیٹیوں کی تشکیل کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر سندھ عمران اسمعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت معاشی ترقی کے ہر اسٹیک ہولڈرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے، ٹرانسپورٹرز کا حکومت پر اعتماد اس کی کامیاب پالیسیوں کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بلا تعطل ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلانے کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ اقتصادی ، تجارتی سرگرمیوں میں ٹرانسپورٹرز کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ قومی ترقی میں ٹرانسپورٹرز کا کلیدی کردار ہے، ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کئے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔ رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات میں گورنرسندھ کا کردار قابل ستائش رہا، صوبہ کی ترقی اور مسائل کے حل میں گورنرسندھ متحرک نظر آتے ہیں، وفاق اور صوبہ کے درمیان گورنرسندھ برج کا کردار ادا کررہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں