وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کا تبادلہ کابینہ کی منظوری سے مشروط کر دیا،صوبائی حکومت کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیاگیا

جمعہ 24 جنوری 2020 16:14

وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کا تبادلہ کابینہ کی منظوری سے مشروط کر دیا،صوبائی حکومت کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیاگیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کا تبادلہ کابینہ کی منظوری سے مشروط کر دیا ہے اور فیصلے سے متعلق صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کا تبادلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کر دیا ہے، وفاق کی جانب سے شرط رکھنے پراب وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی آئی جی سندھ کا تقرروتبادلہ ہوگا جس سے سندھ حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سندھ حکومت کے تجویز کردہ پانچ ناموں کی سمری وزیراعظم آفس کو بجھوادی ہے،سندھ حکومت نے صوبے کی پولیس کے نئے سرابرہ کے لئے انعام غنی ، ثناء اللہ عباسی ،غلام قادر تھیبو،کامران فضل اور مشتاق مہر کے نام تجویز کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ثناء اللہ عباسی یکم جنوری کو آئی جی کے پی تعینات ہوئے ہیں اور صرف اکیس روز بعد ہی ثناء اللہ عباسی کا تبادلہ ممکن نہیں،آئی جی سندھ کے لیے انعام غنی کے نام پر غور کیا جا رہا ہے وہ اس وقت ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت انعام غنی اور مشتاق مہر کے ناموں پر سنجیدہ ہے۔دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں آئی جی کیس کے درخواست گزار نے بھی وفاق اور سندھ حکومت کو خط لکھ کر معاملہ کے سندھ ہائی کورٹ میں ہونے کی یاد دہانی کرائی گئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں