ترقیاتی سکیموں، گندم کی قلت اور ٹڈی دل کے حملوں سمیت تمام اہم مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا

وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو

منگل 28 جنوری 2020 00:07

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ترقیاتی سکیموں، گندم کی قلت اور ٹڈی دل کے حملوں سمیت تمام اہم مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہائوس سندھ میں وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے دوران کیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ترقیاتی سکیموں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ صوبہ کے بعض اہم منصوبے وزارت منصوبہ بندی و ترقی میں زیر التواء ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ٹڈی دل کے حملوں سے ملک میں کھڑی فصلوں کو نقصان ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ صحرائی علاقوں میں اس کا خاتمہ کیا جائے جہاں ٹڈی دل نے افزائش کیلئے اپنے مسکن بنا رکھے ہیں اور جب صحراء میں بارش ہو گی تو اس کی افزائش شروع ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کریں گے کہ وہ ضروری اقدامات اٹھائیں اور صحرائی علاقوں میں سپرے کا آغاز کریں۔ وزیراعلیٰ نے بروقت کارروائی کیلئے چین اور متحدہ عرب امارات سے ایئر کرافٹ کرائے پر حاصل کرنے کی تجویز دی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی محکموں کو بھی ہنگامی اقدامات کرنے اور سپرے کے آغاز کی ہدایت کی۔

ملاقات کے دوران پولیو کے بڑھتے کیسز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس پر وزیراعظم نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ پولیو تدارک کیلئے قائم قومی ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کریں گے جس میں تمام سٹیک ہولڈر کو مدعو کیا جائے گا تاکہ اس پر قابو پانے کی حکمت عملی کو تبدیل اور مستحکم بنایا جا سکے۔ ملاقات کے دوران گندم کی قلت کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر جلد اجلاس بلائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مارچ سے گندم کی نئی فصل کی کٹائی شروع ہو جائے گی لہٰذا قومی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومت کو ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کا فیصل بیس پر استقبال بھی کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں