کراچی ائیرپورٹ پر طیارے میں آگ لگی نہیں،لگائی گئی

کراچی کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر گذشتہ شب طیارے میں لگی آگ پُر اسرار صورت اختیار کر گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 28 جنوری 2020 13:06

کراچی ائیرپورٹ پر طیارے میں آگ لگی نہیں،لگائی گئی
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جنوری 2020 ء ) کراچی کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر گذشتہ شب طیارے میں لگی آگ پر اسرار صورت اختیار کر گئی ہے۔جب جھاڑیوں میں آگ لگنے کی تفتیش کی گئی تو ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ طیارے میں آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی۔جھاڑیوں سے آگ پھیلنے کی ابتدائی اطلاع بھی غلط ثابت ہوئی۔کراچی کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیر کی شب ایک بوئنگ 737 طیارے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔

یہ طیارہ ائیرپورٹ کے لیبر گیٹ کے قریب،سنسان مقام کر پارک تھا۔جہاں بند ہونے والی نجی ائیر لائن شاہین ائیر کے تقریبا درجن بھر طیارے پارک ہیں۔سول ایوی ایشن نے ابتدائی طور پر بتایا کہ آگ فینسنگ ایریا سے باہر جھاڑیوں میں لگی جس نے پھیل کر طیارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

لیکن آج صبح جائے وقوعہ کے معائنے کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ جھاڑیاں طیارے سے ڈیڑھ سو میٹر دور ہیں۔

ان میں آگ کے کوئی آثار نہیں۔آگ براہ راست طیارے کو لگی جو مکمل طورپر جل گیا۔متاثرہ طیارے یہاں پر چار سال سے پارک ہیں۔واقعے کے بعد سی اے اے اور ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس سے متعلق کئی سوالات بھی کھڑے ہوگئے ہیں۔سی اے اے نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر توفیق شیخ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی۔خیال رہے کہ گذشتہ روز بتایا گیا کہ ائیرپورٹ کے جمپینگ یارڈ کے نزدیک پراسرار طور پر جھاڑیوں میں اچانگ آگ بھڑک اٹھی۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور سول ایوی ایشن کے فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئے۔ اسی دوران آگ نے بھی شدت اختیار کر لی۔جمپینگ یارڈ میں 7 سے زائد ناکارہ طیارے بھی کھڑے ہوئے تھے۔بتایا گیا ہے کہ آگ نے ایک طیارے کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔تاہم فائر فائیٹرز نے ایک گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ناکارہ طیارہ مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گیا۔ تاہم مزید طیارے فائر فائیٹرز نے بچا لیے۔پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات تا حال معلوم نہ ہو سکیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں