بستیاں بسانے اور صنعتیں لگانے سے ملک میں غربت کا خاتمہ ہوگا، صدر مشرف،بجلی کی پیداوار اور دیگر ترقیاتی عمل میں گیس کی اشد ضرورت ہے اوراس سلسلے میں اقدامات کئے جا رہے ہیں، کراچی میں دنیا کی بلند ترین عمارت قائم کی جائے گی، کراچی کو خوبصورت اور جدید ترین شہر بنایا جائے گا، صدر مملکت کا تیسر ٹاؤن کی قرعہ اندازی اور باغ ابن قاسم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 27 فروری 2007 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27فروری۔2007ء) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بستیاں بسانے اور صنعتیں لگانے سے ملک میں غربت کا خاتمہ ہوگا، حکومت کی طرف سے اختیار کی گئی بہتر پالیسیوں کے باعث غربت کے خاتمے اور بے روزگاری پر کنٹرول پایا جا رہا ہے، بجلی کی پیداوار اور دیگر ترقیاتی عمل میں گیس کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں اقدامات کئے جا رہے ہیں، کراچی میں دنیا کی بلند ترین عمارت قائم کی جائے گی، کراچی کو دنیا کا جدید اورخوبصورت شہر بنائیں گے اور اس کے علاوہ بجلی اور گیس کے مسئلے کا حل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں کم آمدنی والے افراد کیلئے ہاؤسنگ سکیم تیسر ٹاؤن کی قرعہ اندازی اور باغ ابن قاسم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تیسر ٹاؤن سکیم کی قرعہ اندازی کی تقریب سے صدر مملکت نے کہا کہ حکومت رہائشی مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دے رہی ہے پاکستان کے مزید شہروں میں بھی سستی رہائشی سکیمیں شروع کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا مقصد شفافیت کے طریقہ کارکو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں بہت زیادہ ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ تیسر ٹاؤن کی سکیم میں حائل رکاوٹیں دور کرنا آسان کام نہیں تھا۔ گورنر سندھ اورناظم کراچی تحسین کے مستحق ہیں۔ حکومت غریب اور کم آمدنی والے افراد کی حالت بہتر بنانے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ ان کی زندگی میں انقلابی تبدیلی آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں ہونے والی معاشی ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانا چاہتی ہے بیروزگاری اور غربت کے خاتمے پر حکومت توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے پلاٹ حاصل کرنے والے خوش قسمت افراد کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ مکان بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں اپنی پوری توجہ غریب اور کم آمدنی والے افراد کی بستیاں بسانے اور صنعتیں لگانے پر دے رہی ہے اس سے پاکستان میں غربت کا خاتمہ ہوگا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ حکومت کے ویژن اورپالیسیوں کا مقصد ملک سے غربت کا خاتمہ اور بے روزگاری پر قابو پانا ہے اوران کے تحت قابو پایا جا رہا ہے جبکہ موثرپالیسیوں کے باعث غربت کی شرح میں 10 فیصد اور بے روزگاری میں شرح میں 1.5 سے 2 فیصد تک کمی ہوئی ہے اورپالیسیوں کے تسلسل سے غربت اور بے روزگاری کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تیسر ہاؤسنگ پراجیکٹ کی قرعہ اندازی کی تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد، وزیراعلیٰ ڈاکٹرارباب غلام رحیم، وزیرمملکت برائے مذہبی امور ڈاکٹرعامر لیاقت، صوبائی وزراء و مشیران، سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال، نائب ناظم نسرین جلیل، ڈائریکٹر جنرل نادرا اورسندھ حکومت کے دیگر سینئرحکام موجود تھے۔

اس دوران صدرمملکت نے گورنر سندھ اور سٹی ناظم کراچی کی تعریف کی۔ صدرمملکت نے مزید کہا کہ یہ ان کا یقین ہے کہ سرکاری زمین یا تو کم قیمت پر ہاؤسنگ سکیموں کے ذریعے غریبوں میں تقسیم کی جائے گی یا پھر اسے صنعت کے استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل یونٹس میں ملازمتوں سے غربت میں کمی ہوگی اور عوام کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔

جبکہ کلفٹن میں ابن قاسم باغ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ناردرن بائی کراچی کا اگلے ماہ باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو دنیا کا خوبصورت اور جدید ترین شہربنائیں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ اورسٹی ناظم کو ہدایت کی کہ وہ شہر کوپارک سٹی بنائیں اور اس کی صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔

صدر مشرف نے کہا کہ بجلی کی پیداوار اور دیگر ترقیاتی عمل میں گیس کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں 1947 فٹ اونچی دنیا کی بلند ترین عمارت قائم کی جائے گی کراچی میں 10 کروڑ گیلن پانی کے منصوبے کے فور کی مکمل سپورٹ کرے گی جبکہ کراچی کا گیس اور بجلی کا معاملہ حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں