زہریلی گیس واقعے کے باعث کراچی کے عوام خوف و ہراس کا شکار، تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے

کیماڑی اور آس پاس کے علاقوں کو خالی بھی کرنا شروع کر دیا گیا، تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کیلئے بند، دکانیں اور کاروبار بھی متاثر، اطراف کے علاقوں میں فیکٹریز بھی بند کردی گئیں

منگل 18 فروری 2020 22:12

زہریلی گیس واقعے کے باعث کراچی کے عوام خوف و ہراس کا شکار، تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری2020ء) زہریلی گیس واقعے کے باعث کراچی کے عوام خوف و ہراس کا شکار، تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے، کیماڑی اور آس پاس کے علاقوں کو خالی بھی کرنا شروع کر دیا گیا، تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کیلئے بند، دکانیں اور کاروبار بھی متاثر، اطراف کے علاقوں میں فیکٹریز بھی بند کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کے واقعے کے باعث شہری شدید پریشان ہیں۔

روزمرہ امور بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔کیماڑی میں اتوار کی رات پراسرار گیس پھیلنے سے علاقے میں موجود لوگوں کو سانس لینے میں دشواری سمیت دیگر طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ پیر کو ضیا الدین سمیت کئی اسپتالوں میں گیس سے متاثر مریضوں کو لایا گیا۔

(جاری ہے)

اب تک گیس سے متاثرہ علاقوں میں سو سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 8 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

منگل کو کیماڑی میں موجود اسکول بند کردیے گئے ہیں،دکانیں اور کاروبار بھی متاثر ہوا ہے اور دکانیں بند کردی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کیماڑی اور اطراف کے علاقوں میں فیکٹریز بھی بند کردی گئی ہیں۔ کیماڑی کے علاوہ سی ویو کے قریب 3 اسکول غیرمعینہ مدت کیلیے بند کردیے گئے ہیں۔ اسکولز کو فضا میں پھیلی بدبو کے باعث بند کیا گیاہے۔پاک بحریہ کی ٹیم نے کراچی کسٹم ہاس بلڈنگ کا پھرمعائنہ کیا اورعمارت کو کلیئر قرار دے دیا۔

پاک بحریہ کی ٹیم نے پانی کے نمونے حاصل کیے ہیں۔ آلات کے ساتھ ریڈی ایشن اور فضا میں آلودگی کی جانچ بھی کی گئی ہے۔ عمارت سے حاصل نمونوں کی جانچ بھی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ کیماڑی میں ایک بحری جہاز سے زہریلی گیس لیک ہونے کے واقعے کے باعث اب تک 14 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جبکہ مزید کئی متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر سویابین ڈسٹ اموات کی وجہ بنی ہے۔ کیماڑی اور آس پاس کے علاقوں میں فضاء میں موجود سویابین ڈسٹ ختم ہونے میں مزید کچھ دن لگیں گے، تب تک لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں