کریم اور اقرا یونیورسٹی کے درمیان اہم سمجھوتہ طے پا گیا

اس سمجھوتے کے تحت اقرا یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس کو سفری سہولیات اور پارٹ ٹائم آمدنی کی سہولت دی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 فروری 2020 14:08

کریم اور اقرا یونیورسٹی کے درمیان اہم سمجھوتہ طے پا گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19فروری 2020ء) مشرق وسطیٰ اور پاکستان بھر میں لوگوں کو اُن کے گھروں کی دہلیز پر سفری سہولیات فراہم کرنے والی کریم کمپنی کی جانب سے ایک اور احسن اقدام لیا گیا ہے۔ کیمپس ایمبیسڈر پروگرام کے تحت اقرا ء یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو اپنی معاشی حالت میں سُدھار لانے کے لیے جُز وقتی (part time) ملازمت کی سہولت فراہم کی جائے گی اور سفری سہولت بھی مہیا ہو گی۔

اس سلسلے میں اقرا یونیورسٹی اور کریم کے درمیان ایک سمجھوتے پر دستخط کر دیئے گئے ہیں جس کے بعد اقراء یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس کو کریم کے پلیٹ فارم سے جُز وقتی روزگار کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت اقراء یونیورسٹی کے وہ طلباء و طالبات جن کے پاس اپنی سواری موجود ہے، وہ خود کو کریم کے کپتان کے طور پر رجسٹر کروا سکیں گے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد یہ سٹوڈنٹس اپنے یونیورسٹی کیمپس میں ہی زیر تعلیم افراد اور سٹاف کو بطور سواری بٹھا سکیں گے یا پھر اُنہیں گھر سے لے کر یونیورسٹی پہنچا سکیں گے۔

اس مقصد کے لیے یونیورسٹی سے رجسٹرڈ ہونے والے کپتانوں کوکریم ایپ پر ڈیسٹینیشن فلٹر (destination filter)تک رسائی دی جائے گی۔ اس مخصوص فلٹر کی مدد سے کریم کپتانوں کو کسی مخصوص مقام سے سواری اُٹھانے یا اس مخصوص مقام تک سواری پہنچانے کی سہولت حاصل ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اقرا یونیورسٹی کے 15 سٹوڈنٹس کو کریم کی نمائندگی بھی دی جائے گی۔ یہ منتخب سٹوڈنٹس اقرا یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں طلباء و طالبات کو کریم کو بطور ذریعہ سفر اختیار کرنے کے فوائد سے آگاہی دلائیں گے۔

کریم پاکستان کے کنٹری جنرل مینجر ذیشان بیگ نے سمجھوتے کی تقریب کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”کریم کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں یونیورسٹی طلباء و طالبات کو آرام دہ سفر کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کریم نے (اقرا یونیورسٹی کے ساتھ) سمجھوتہ کر کے طلباء و طالبات کو اُن کے فارغ اوقات میں پارٹ ٹائم رقم کمانے کا موقع فراہم کیا ہے۔

اقرا یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اکیڈیمکس ڈاکٹر سید علی رضا نے اس موقع پر کہا ”کراچی شہر میں سفر کرنا ہمیشہ سے ایک بڑا مسئلہ رہا ہے، خصوصاً کھٹارا اور پُرانی بسوں اور دیگر غیر آرام دہ ٹرانسپورٹ کے باعث یہ سفر اور زیادہ تکلیف دہ ہو جاتا ہے۔ کریم کے ساتھ اشتراک کامقصد ہمارے تعلیمی ادارے کے سٹوڈنٹس کو آرام دہ سفری سہولت مہیا کرنا ہے اور ساتھ ساتھ انہیں اضافی آمدن کمانے کا موقع بھی فراہم کرنا ہے۔

“ واضح رہے کہکریم مشرقِ وسطیٰ بھرکے علاوہ دیگر کئی ایشیائی ممالک میں سفری خدمات فراہم کرنے والا ایک انٹرنیٹ پلیٹ فارم ہے۔ درحقیقت کریم اس خطے میں سفری سہولیات فراہم کرنے کے کاروبار کا بانی ادارہ ہے۔ کریم کے پلیٹ فارم کی جانب سے اپنے صارفین کو نئی سے نئی سہولیات دی جا رہی ہیں جن میں سفر کی سہولت، مختلف اشیاء کی ڈلیوری اور رقوم کی ادائیگی وغیرہ شامل ہے۔

کریم کا مقصد لوگوں کی زندگیوں میں بہتری اور آسانی لانا ہے اور انہیں لمبے عرصے کے لیے مختلف سہولیات کی فراہمی ہے۔ کریم کا آغاز جولائی 2012ء میں ہوا۔ جس کے بعد اس کا دائرہ کار دُنیا کے 14 مختلف ممالک کے 100سے زائد شہروں میں پھیل چُکا ہے۔ کریم کی بدولت 10 لاکھ سے زائد افراد روزگار سے منسلک ہونے کے باعث اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں۔

کریم کے بارے میں مزید تفصیلات ویب سائٹ www.careem.com سے حاصل کی جا سکتی ہیں ۔جبکہ اقرا یونیورسٹی 2000ء کے صوبائی آرڈیننس نمبر 6 کے تحت سندھ حکومت سے الحاق شدہ ہے۔ اقرا یونیورسٹی کے پاکستان بھر میں موجود کیمپسز میں طلبا و طالبات کو گریجوایٹ اور پوسٹ گریجوایٹس کورسز کے علاوہ مینجمنٹ سائنسز، کمپیوٹر سائنسز اینڈ انجینئرنگ، ایجوکیشن اینڈ لرننگ سائنسز، میڈیا سائنسز اور فیشن ڈیزائننگ کے شعبوں میں پی ایچ ڈی پروگرامز کے تحت بھی تعلیم دی جا رہی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں