سندھ پولیس کو جدید ترین آلات ، اسلحہ اور بہترین تربیت سے آراستہ کیا ہے، وزیراعلی سندھ

جمعہ 21 فروری 2020 00:01

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے پولیس کو جدید ترین آلات ، اسلحہ اور بہترین تربیت سے آراستہ کیا ہے اور تمام بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں، سندھ پبلک سروس کمیشن کے توسط سے پولیس میں310 نئے اسسٹنٹ سب انسپکٹرز(اے ایس آئی)کی تقرری پہلے مرحلے میں ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں اقلیتی کوٹے کے مزید اے ایس آئیز کی تقرری کی جائے گی ، مجھے یقین ہے کہ نئے تعینات ہونے والے اے ایس آئیز صوبے کے عوام کی ایمانداری اور لگن کے ساتھ خدمت کریں گے اور اپنے 30 سے 35 سالہ طویل کیریئر میں کامیابیاں حاصل کریں گے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعلی ہاس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، صوبائی وزیر سعید غنی، مشیر برائے وزیراعلی سندھ نثار کھوڑو، مرتضی وہاب اور اعجاز جکھرانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ عثمان چاچڑ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن اور دیگر اعلی پولیس افسران نے شرکت کی۔

وزیراعلی سندھ نے نئے شامل ہونے والے اے ایس آئیز کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سندھ کے لوگوں کو بہترین پولیسنگ کی ضرورت ہے اور آپ کا انتخاب خالصتاً میرٹ پر کیا گیا ہے لہٰذا آپ کو اپنی صلاحیتوں کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا 30 تا 35 سال کا طویل عرصے کا سروس کیریئر ہے اور آپ میں سے بیشتر کو ڈی آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کی حیثیت حاصل ہوگی۔

انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی کہ وہ ایس پی ایس سی کے منتخب شدہ اے ایس آئیز کو بہترین تربیت فراہم کریں تاکہ وہ پولیس کے بہترین افسر بن سکیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس میں پولیس کانسٹیبل کی6000 سے زیادہ آسامیاں خالی ہیں۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو اپنی بھرتیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر چیف سیکرٹری سید ممتاز علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں نوجوان نسل کو شامل کرنے سے محکمہ کو یقینی طور پر تقویت ملے گی۔

انہوں نے نومنتخب اے ایس آئیز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو میدان میں ثابت کریں اور عوام کی بے لوث خدمت کریں۔ انہوں نے صوبے کی پولیس سروس میں شامل کیے گئے نئے اے ایس آئیز کو مبارکباد بھی پیش کی۔ ایڈیشنل سکریٹری داخلہ عثمان چاچڑ نے وزیراعلی سندھ کو یقین دلایا کہ بھرتی کا طریقہ کار آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے بھی نئے شامل ہونے والے اے ایس آئیز کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی غلام نبی میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے مقرر کردہ اے ایس آئیز کو بہترین تربیت دی جائے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے نبھائیں۔واضح رہے کہ 301 اے ایس آئی جن میں سی ٹی ڈی کراچی رینج کے 180 مرد اور 10 خواتین، ایک اقلیتی اور 6 خواتین سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) کے ذریعے منتخب کئے گئے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے 310 اے ایس آئی میں تقرری نامے تقسیم کئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں