اسلام آباد یونائیٹڈ 19.1 اوور میں 168 رنز بناکر آئوٹ ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرکو میچ جیتنے کے لئے 169 رنز کا ہدف دے دیا

جمعرات 20 فروری 2020 23:55

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مایوس کن انداز اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا اورکھیل کی پہلی گیند پر کولن منروکوئی رن بنائے بغیر محمد نواز کی گیند پر کاٹ اینڈ بولڈ ہوگئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مجموعی سکور 38 رنز پر دوسرے بیٹسمین لیوک راونچی بھی 13 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد انفرادی سکور 23 رنز پر آئوٹ ہوگئے۔

انہوں نے اپنی اننگ میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ جس کے بعد ڈیوڈ ملان اور حسین طلعت نے مجموعی سکور 106 رنز تک پہنچایا اور اس سکور پر حسین طلعت انفرادی سکور 19 رنز پر محمد حسنین کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ پانچویں نمبر پر کولن انگرام نے اپنی اننگ کا آغاز کیا لیکن وہ صرف 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ کے سب سے زیادہ کامیاب بیٹسمین ڈیوڈ ملان رہے۔

انہوں نے اپنی اننگ میں 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 64رنز بنائے اور وہ بین کٹنگ کی گیند پر جیسن رائے کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی میں 5 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔فہیم اشرف نے 8 گیندوں پر 20 رنز اسکور کئے۔اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ 19.1 اوور میں 168 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرکو میچ جیتنے کے لئے 169 رنز کا ہدف دیا۔

محمد حسنین کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے 25 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ بین کٹنگ نے 3، سہیل خان نے 2 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کپتان سرفراز احمد، احمد شہزاد، عبدالناصر،شین واٹسن،جیسن رائے،محمد نواز،بین کٹنگ،محمد اعظم خان،سہیل خان،محمد حسنین اورفواد احمد شامل ہیں۔ اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ میں کپتان شاداب خان،آصف علی، عاکف جاوید،لیوک راونچی، حسین طلعت، فہیم اشرف، کولن انگرام،کولن منرو، احمد بٹ، محمد موسی کھاری اورڈیوڈ ملان شامل ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں