پاکستان سپر لیگ فائیو کے افتتاحی میچ میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

مین آف دی میچ محمد حسنین نے 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اعظم خان نے 33 گیندوں پر 5 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے

جمعہ 21 فروری 2020 01:55

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے افتتاحی میچ میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 بالز قبل حدف پورا کرکے 3 وکٹوں سے شکست دے دی،مین آف دی میچ محمد حسنین نے 25 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، اعظم خان نے صرف 33 گیندوں پر 5 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مایوس کن انداز اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا اورکھیل کی پہلی گیند پر کولن منروکوئی رن بنائے بغیر محمد نواز کی گیند پر کاٹ اینڈ بولڈ ہوگئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مجموعی سکور 38 رنز پر دوسرے بیٹسمین لیوک راونچی بھی 13 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد انفرادی سکور 23 رنز پر آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی اننگ میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ جس کے بعد ڈیوڈ ملان اور حسین طلعت نے مجموعی سکور 106 رنز تک پہنچایا اور اس سکور پر حسین طلعت انفرادی سکور 19 رنز پر محمد حسنین کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ پانچویں نمبر پر کولن انگرام نے اپنی اننگ کا آغاز کیا لیکن وہ صرف 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے سب سے زیادہ کامیاب بیٹسمین ڈیوڈ ملان رہے۔

انہوں نے اپنی اننگ میں 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 64رنز بنائے اور وہ بین کٹنگ کی گیند پر جیسن رائے کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی میں 5 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔فہیم اشرف نے 8 گیندوں پر 20 رنز سکور کئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 19.1 اوور میں 168 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرکو میچ جیتنے کے لئے 169 رنز کا ہدف دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب محمد حسنین نے 25 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ بین کٹنگ نے 3، سہیل خان نے 2 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگ کا آغاز بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگ سے کچھ مختلف نہیں تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرجیسن رائے پہلی ہی گیند پر کوئی رن بنائے بغیر محمد موسی کھاری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ،اس کے بعد شین واٹسن مجموعی سکور 20 پرعاکف جاوید کی تھرو پر رن آئوٹ ہوگئے۔انہوں نے 15رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین اعظم خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بالروں کا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور صرف 33 گیندوں پر 5 چوکے اور 3 چکھوں کی مدد سے 59 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اس دوران سرفراز احمد نے بھی اپنی ٹیم کو کچھ سہارا دیا اور 18 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سی21 رنز بنائے۔ جس کے بعد محمد نواز اور بین کٹنگ نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔محمد نواز نے 13گیندوں پر 23 اور بین کٹنگ نے 12گیندوں پر 22 رنز بنائے۔محمد نواز عاکف جاوید کی گیند پر احمد بٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔سہیل خان نے 9 گیندوں پر18 رنز بنائے اور محمد موسی کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 18.3اوور میں 7 وکٹوں کے تقصان پر 171 رنز بنائے اور اس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 بالز قبل ہدف پورا کرکے 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کپتان سرفراز احمد، احمد شہزاد، عبدالناصر،شین واٹسن،جیسن رائے،محمد نواز،بین کٹنگ،محمد اعظم خان،سہیل خان،محمد حسنین اورفواد احمد شامل ہیں۔ اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ میں کپتان شاداب خان،آصف علی، عاکف جاوید،لیوک راونچی، حسین طلعت، فہیم اشرف، کولن انگرام،کولن منرو، احمد بٹ، محمد موسی کھاری اورڈیوڈ ملان شامل تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں