پیپلز پارٹی نہ سندھیوں کی نمائندہ جماعت ہے اور نہ ہی ایم کیو ایم مہاجروں کی نمائندگی کرتی ہے، مصطفی کمال

مڈٹرم الیکشن ایک آئینی اور جمہوری عمل ہے، پی ٹی آئی کی حکومت بلیک میلنگ سے بچنے کیلیے مڈٹرم الیکشن کروائے ، وفاقی حکومت اس وقت کراچی میں ایم کیو ایم کی کرپشن پر چپ ہے اور 4 نشستوں والی پارٹی کے آگے بھی بلیک میل ہونے پر مجبور ہے

ہفتہ 22 فروری 2020 00:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2020ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نہ سندھیوں کی نمائندہ جماعت ہے اور نہ ہی ایم کیو ایم مہاجروں کی نمائندگی کرتی ہے۔ مڈٹرم الیکشن ایک آئینی اور جمہوری عمل ہے، پی ٹی آئی کی حکومت بلیک میلنگ سے بچنے کیلیے مڈٹرم الیکشن کروائے، وفاقی حکومت اس وقت کراچی میں ایم کیو ایم کی کرپشن پر چپ ہے اور 4 نشستوں والی پارٹی کے آگے بھی بلیک میل ہونے پر مجبور ہے، اگر پی ٹی آئی اپنی مقبولیت کا واقعی مظاہرہ دکھانا چاہتی ہے تو مڈٹرم الیکشن کروا کر اکثریت لیکر آجائے، اسی طرح میئرز کے پاس اختیارات نہیں تھے تو 4 سال پہلے استعفی دے دینا چاہئے تھا، عوام میں شعور بیدار کر رہے ہیں کہ انکے ساتھ کھڑے ہوں جو انکے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

آج کراچی سے کشمور تک لوگ ہمارے ساتھ بلا رنگ و نسل کی تفریق کے جڑ رہے ہیں کیونکہ وہ حکمرانوں کی کارکردگی اور جھوٹے وعدوں سے مایوس ہو چکے ہیں۔ شہر ملک کی جان ہوتے ہیں اس لئے شہروں میں ترقیاتی کام ہو تو ملک ترقی کرتے ہیں، پہلے بھی کام کر کے دکھایا ہے، ہم کراچی بنا سکتے ہیں تو پورا سندھ اور پورا پاکستان بھی بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد کے نرسری پارک میں منعقدہ دو روزہ فیملی فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے فیسٹیول میں شریک عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے زمہ داران و کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے بغیر کسی اختیار اور وسائل کے حیدرآباد والوں کے لیے شاندار فیملی فیسٹیول منعقد کر کے دکھایا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ نیک نیتی سے انسان اگر کچھ کرنا چاہے تو اسے کسی طور کوئی چیز نہیں روک سکتی۔ سندھ کے لوگ سوچیں کہ ایسے باکردار اور اہل لوگوں کے ہاتھ میں اختیارات ہوں تو وہ سندھ کو ترقی یافتہ صوبوں کی فہرست میں شامل کرا سکتے ہیں۔

فیسٹیول میں میوزک کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں سندھ بھر سے نامور موسیقاروں اور گلوکاروں نے شرکت کی جن کے گانوں پر نوجوانوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور لطف اندوز ہوئے۔ کنسرٹ کے دوران شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ فیسٹیول میں مختلف اقسام کے پھولوں کی نمائش بھی کی گئی جس میں مختلف انواع و اقسام کے پھولوں سے تیار کردہ منفرد فن پاروں اور گلدستوں کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا۔

جنہیں دیکھ کر اہلیان حیدرآباد محظوظ ہوتے رہے۔ فیسٹیول میں مختلف کھانے کی اشیا اور کھیلوں کے مقابلوں کے اسٹالز لگائے گئے جن پر دن بھر عوام کا جم غفیر رہا جبکہ اہلیان حیدرآباد میں پی ایس پی کی منفرد تقریب کو زبردست پزیرائی ملی۔ پھولوں سے دلچسپی رکھنے والے لاتعداد افراد اور فیملیز نے بڑی تعداد میں اس فیسٹیول میں شرکت کی اور پی ایس پی کے کارکنوں کی کاوشوں کو سراہا۔ فیسٹیول اور پھولوں کی نمائش 22 فروری 2020 کو اختتام پذیر ہوگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں