ذ*پاسبان ڈیموکریٹک کا ایران میں کورونا وائرس کے انکشاف پر تشویش کا اظہار

اتوار 23 فروری 2020 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2020ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد اور جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے ایران میں کرونا وائرس کے انکشاف پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے ایران کے تجارتی مضبوط تعلقات ہیں۔بارڈر پر ہی ہنگامی میڈیکل سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے اور کرونا کی وبا پاکستان منتقلی روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

صوبہ ء سندھ اور بلوچستان میں جراثیم کش اسپرے مہم بیک وقت روزانہ کی بنیاد پر شروع کی جائیں۔ صحت و صفائی کے فقدان کا فوری نوٹس لیا جائے۔ پانی کی لائنوں میں صاف شفاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

(جاری ہے)

کرونا وائرس کی وجوہات تلاش کی جائیں اور تشخیص و تحقیق کے ساتھ روک تھام کے لئے بھی عملی اقدامات کئے جائیں۔

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان رہنمائوں نے کہا کہ ماضی میں بھی وبائی امراض نے کراچی میں جنم لیا جس کے باعث متعدد شہری ہلاک ہوئے ، بڑی تعداد میں شہریوں کے متاثر ہونے کے بعد روک تھام پر توجہ دی گئی اور اقدامات کئے گئے۔ مگر اس بار وائرس کی آمد کا انتظار نہ کیا جائے بلکہ ابتدا میں ہی روک تھام کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو وبائی امراض سے بچایا جا سکے۔

پاسبان رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان میں ماہر ڈاکٹرز، پروفیسرز اور لیبارٹریز کی بڑی تعداد موجود ہے ۔ ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے اور عوام میں کروناوائرس سے آگاہی مہم چلائی جائے۔ پاسبان رہنمائوں نے عوامی مفاد میں حکومت اور انتظامی اداروں کے مثبت اقدام پر پاسبان کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے مزید کہا کہ پاسبان ہر اچھے کام کیلئے حکومت کے ساتھ ہر ممکن ساتھ دینے کے لئے تیار ہے #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں