گورنرسندھ سے خواتین صحافیوں کے 15 رکنی وفد کی ملاقات

خواتین صحافی جرأت کے ساتھ اپنے فرائض ادا کررہی ہیں ان کی مشکلات سے آگاہ ہیں، کونسل آف میڈیا وومن سے بات چیت

پیر 24 فروری 2020 18:38

گورنرسندھ سے خواتین صحافیوں کے 15 رکنی وفد کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقعوں کی فراہمی اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے سے تیز رفتار تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کونسل آف میڈیا وومن کے 15رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت کونسل کی صدر حمیرا موٹالا کررہی تھیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کوئی بھی شعبہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین مشکل ترین سمجھے جانے والے شعبوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کررہی ہیں اور وہ صحت، تعلیم، بزنس و کھیل کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خصوصاً الیکٹرونک میڈیا کے پھیلائو کے باعث خواتین صحافیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ وہ صحافت کے تمام شعبوں میں اپنی ایک الگ پہچان بنانے میں کامیاب ہورہی ہیں اور اپنے فرائض انتہائی جرأت سے ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لارہی ہے اور حال ہی میں موبائل ایپلیکیشن-- " بیٹی " کا اجراء اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس ایپلیکیشن کے ذریعے خواتین کے حقوق کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ وفد کے اراکین نے خواتین صحافیوں کو درپیش مسائل سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے میڈیا ہائوسز میں خواتین کا کوٹہ مقرر کرنے کی تجویز پیش کی۔ وفد کے اراکین نے مزید کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں