صوبائی وزرا اور وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی کا سابق ناظم کراچی نعمت اللہ کے انتقال پر اظہار افسوس

منگل 25 فروری 2020 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) صوبائی وزرا مکیش کمار چالہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، غلام مرتضی بلوچ اور وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم نعمت اللہ ایک ملنسار اور شریف النفس انسان تھے جہنوں کراچی شہر کے لئے قابل قدر خدمات انجام دیں۔

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے کہا کہ مرحوم نعمت اللہ جماعت اسلامی کا اثاثہ تھے اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا تادیر نہیں پورا ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں اور خصوصی ترقی غلام مرتضی بلوچ نے کہا کہ مرحوم کی شہر کراچی کے لئے خدمات اور سیاسی جد وجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ مرحوم جماعت اسلامی کے نظریاتی کارکن تھے اور انہوں نے کراچی کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ صوبائی وزرا جام اکرام اللہ دھاریجو، مکیش کمار چالہ، غلام مرتضی بلوچ اور وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں