امیرجماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق سمیت قائدین جماعت اسلامی کا نعمت اللہ خان کے انتقال پر اظہار افسوس

منگل 25 فروری 2020 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) امیر جماعت اسلا می پاکستان سینیٹر سراج الحق ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امراء لیاقت بلوچ ، راشد نسیم ، اسد اللہ بھٹو ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں محمد اسلم ، پروفیسر محمد ابراہیم،عبدالغفارعزیز ، معراج الہدیٰ صدیقی ،ڈپٹی سیکرٹری جنر ل محمد اصغر ، اظہر اقبال حسن ، سید وقاص جعفری ، حافظ ساجد انور ، سید بختیار معانی، مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس، شیخ القرآن مولانا عبدالمالک ،صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان میاں عبدالشکور سمیت کارکنان جماعت نے نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ،پسماندگان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے نعمت اللہ خان مرحوم کے لیے مغفرت و بلندی درجات کی دعا کی ہے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ نعمت اللہ خان کی وفات سے ملک و ملت مخلص اور عظیم شخصیت سے محروم ہوگئے ہیں۔نعمت اللہ خان نے اپنی زندگی ملک میں غلبہ اسلام اور انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی ۔ اللہ تعالیٰ ان کی حسنات قبول فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہاکہ نعمت اللہ خان اپنے نام کی طرح جماعت اسلامی اور کراچی شہر کے لیے ایک بڑی نعمت تھے ۔

وہ اخلاص ، محنت اور مسلسل جدوجہد کی طویل داستان تھے ۔ان کی سادہ زندگی لائق تقلید ہے ۔ ان کی نیک نامی ان کے خاندان اور جماعت اسلامی کے لیے بڑا اعزاز اور اثاثہ ہے ۔ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ اپنے اس بندے کی حسنات کو قبول فرمائے اور ان کے خدمت خلق کے کاموں کو ان کے لیے صدقہ جاریہ بنادے ۔نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاہے کہ نعمت اللہ خان کی امیر جماعت اسلامی کراچی و سٹی ناظم کراچی کی حیثیت سے خدمات ان کے لیے صدقہ جاریہ ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں