پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا

مریض کی شناخت 22 سالہ یحیٰی جعفری کے نام سے ہوئی جو کہ ایران سے آیا تھا، مذکورہ مریض کو کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا

Usama Ch اسامہ چوہدری بدھ 26 فروری 2020 21:39

پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 26 فروری 2020) : کراچی میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، مریض کی شناخت 22 سالہ یحیٰی جعفری کے نام سے ہوئی، مذکورہ مریض کو نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے ذریعے کرونا وائرس پاکستان میں پھیلنے کے انکشافات سچ ثابت ہونے لگے۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ مریض کی شناخت 22 سالہ یحییٰ جعفری کے نام سے ہوئی ہے جس کو علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یحییٰ جعفری ایران سے بس کے ذریعے پاکستان پہنچا تھا اور اسکے ساتھ اہل خانہ بھی موجود تھے جنکا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ اس حوالےسے ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر مبین کا کہنا ہے کہ مذکورہ مریض کو فوری طورپر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسکی نگہداشت کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ابھی مریض کے اندر کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، چار گھنٹے کے بعد حتمی رپورٹ سامنے آئیگی، جسکے بعد حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرہ مریض کو فوری طور پر آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ مریض کے ساتھ جہاز میں سفر کرنے والے دیگر افراد کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔

ایئرپورٹ صوبائی حکومت کے نہیں بلکہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، ایئر پورٹ پر فوری طور پر سرویلنس بنانے کی ضرورت تھی۔ انکا مزید کہنا ہے کہ یحییٰ جعفری کو ایئر پورٹ پر اسکین نہیں کیا گیا تھا۔ اس خبر کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے دو کیسوں کی تصدیق کرتا ہوں، دونوں مریضوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انکا علاج جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور حالات قابو میں ہیں۔ انکا مزید کہنا ہے کہ تمام ترحالات قابو میں ہیں، میں تافتان سے واپسی پر اس بارے میں ایک پریس کانفرنس کرونگا۔
واضع رہے کہ ایران سے کرونا وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے بلوچستان میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ایران سے منسلک اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ضلعی صحت افسران کو تمام احتیاطی تدابیر کی گئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں