اشیائے ضروریہ کی دکانوں کے بندکرنے کے اوقات کار میں اضافہ عوام کے وسیع تر مفاد اور کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ہے،سید ناصر حسین شاہ

سندھ حکومت جید علمائے کرام و مفتی حضرات کے مشورے اور رہنمائی پر مکمل عمل کررہی ہے،جمعہ کی نماز پر پابندی کا فیصلہ تکلیف دہ عمل ہے، وزیر اطلاعات سندھ

ہفتہ 28 مارچ 2020 17:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2020ء) وزیر اطلاعات، بلدیات و جنگلات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت تمام مسالک و فرقوں سے تعلق رکھنے والے جید علما کرام و مفتی حضرات کے کارونا وائرس سے حفاظتی اقدامات کے طور پر اور احتیاطی تدابیر کے لحاظ سے مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات اور دیگر مذہبی اجتماعات کے حوالے سے رہنمائی و مشوروں پر مکمل عمل کررہی ہے اور جمعہ کی نماز پر پابندی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، اگرچہ یہ انتہائی دکھ اور تکلیف دہ عمل ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تما م مذہبی اسکالرز، جید علما کرام اور مفتی حضرات حکومت کے ساتھ ایک صفحہ پر ہیں، اور سب کی مشترکہ رائے اور باہمی مشاورت سے یہ انتہائی اہم ترین فیصلے لئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر سندھ سید مراد علی شاہ ان تما م لوگوں کو اعتماد میں لیکر اور ان کی رضامندی سے فیصلے کررہے ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ گروسری اسٹور، جنرل اسٹور اور کریانہ اسٹور کے بند کرنے کے اوقات کار میں اضافہ یعنی رات آٹھ کے بجائے شام پانچ بجے تما م دکانیں بند کرنے کا فیصلہ عوام کے وسیع تر مفاد اور کارونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ہے اس سے بچاو کے لئے ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت سب سے اہم بات یہ ہے کہ کہیں بھی کسی بھی مقام پر کسی بھی قسم کا مجمع اکھٹا نہ ہو جوکہ کارونا وائرس کے پھیلاو کاسبب بنے۔ انہو ں نے کہا کہ یہ فیصلے آسان نہیں لیکن ہمیں اپنے لوگوں کی جانیں عزیز ہیں اسی لئے سندھ میں لاک ڈاون مزید سخت کررہے ہیں۔ حال کے یہ فیصلے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور احکامات کی روشنی میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کے حوالے سے اپنے وزرا اور دیگر متعلقین کی ٹیم کے ہمراہ دن رات کوشاں ہیں۔

ہم نے صو بے میں گیارہ ہزار رضاکار تیار کئے ہیں جن میں ضرورت کے مطابق اضافہ کیا جائے گا اور کوشش ہے کہ جو بھی حکومت کی جانب سے ریلیف ہے اسے لوگوں کے گھروں تک پہنچایا جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اشیا ضروریہ کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے سندھ حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹ کی انٹر سٹی یا بین الصوبائی نقل و حرکت پر کسی بھی قسم کی پابندی نہ لگائی کی اور نہ ہی لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس حوالے سے وزیر اعظم پاکستان کا حکم سر آنکھوں پر عمل کرینگے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کارونا وائرس کے حوالے سے جہاں علما کرام حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں وہاں عوام کے علاج و معالجے، دیکھ بھال کے لئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف جبکہ کارونا وائرس کے حوالے سے آگاہی کے لئے میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی اور دیگر متعلقین ہر آول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں۔

فرنٹ لائن پر رہ کر کارونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر متعلقہ افراد قوم کے محسن ہیں۔ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے اور کارونا سے جنگ کرنے والا تمام طبی و نیم طبی عملہ لائق تحسین ہے، جبکہ اس مشکل وقت میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے والے صحافی بھی خراج تحسین کے حقدار ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کارونا وائرس سے بچاو اور پھیلاو کو روکنے کے سلسلے میں اور لاک ڈاون کے حوالے سے حکومتی احکامات پر عمل در آمد کے سلسلے میں پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران، جوانوں اور تمام متعلقین کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اورانہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ تما م صحافی حضرات اور قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی عزت و احترام کو یقینی بنائیں اور قوم کو مشکل وقت سے نکالنے میں اپنا رول ادا کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں