کورونا وائرس کی وجہ سے تباہ حال معیشت کو دوبارہ پائوں پر کھڑا کرنا مشکل ترین مرحلہ ہوگا ‘ پرویز حنیف

پالیسیوں کے سو فیصد نتائج حاصل کرنے کیلئے سولو فلائٹ کی بجائے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے‘ چیئر پرسن سی ٹی آئی

اتوار 29 مارچ 2020 12:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2020ء) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن ،لاہور چیمبر کے سابق صدر پرویز حنیف نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تباہ حال معیشت کو دوبارہ پائوں پر کھڑا کرنا مشکل ترین مرحلہ ہوگا جس کیلئے ہمیں ایک قوم بننا ہوگا ، اگر سمت کا تعین کر کے نیک نیتی او رخلوص سے اس پر چلنے کا عزم کیا جائے تو کوئی وجہ نہیں ہم اپنی منزل حاصل نہ کر سکیں ۔

اپنے بیان میں پرویز حنیف نے کہا کہ اگر حکومت نے پالیسیوں کے سو فیصد نتائج حاصل کرنا ہیں تو سولو فلائٹ کی بجائے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی پالیسی لائی جائے ، ان کی تجاویز کو اہمیت دی جائے اور انہیں پارٹنر بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت تنہا کامیاب نہیں ہو سکتی اس کیلئے نجی شعبے کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

پرویز حنیف نے کہا کہ ہم سب پاکستان کی وجہ سے ہیں اور سب نے یہیں سے کما کر جائیدادیں بنائی ہیں سب کو مشکل کی اس گھڑی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا او راپنا اپنا حصہ بھی ڈالنا ہوگا تب ہم سر خرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ایک بار پھر آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہے اور آج مشکل ترین وقت ہے لیکن ہم نے مایوس ہونے کی بجائے ایک قوم بن کر حالات کا مقابلہ کرنا ہے اور دنیا کو اپنی اہمیت کا احساس دلانا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں