ایمریٹس نے تعطل کے بعد اپنی پہلی مسافر بردار پرواز کا اعلان کردیا

ایمریٹس کو مخصوص پروازوں پر مسافروں کو لے جانے کی اجازت مل گئی ہے

جمعہ 3 اپریل 2020 20:45

ایمریٹس نے تعطل کے بعد اپنی پہلی مسافر بردار پرواز کا اعلان کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اپریل2020ء) ایمریٹس کو مخصوص پروازوں پر مسافروں کو لے جانے کی اجازت مل گئی ہے۔ پیر 6 اپریل سے ابتدائی پروازوں کا آغاز دبئی سے لندن ، ہیتھرو، فرینک فرٹ ، برسلز اور زیورخ کیلئے کیا جائے گا۔ لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ کیلئے ہفتہ وار چار پروازیں چلائی جائیں گی جبکہ دیگر شہروں کیلئے ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی۔


مزید احکامات آنے تک یہ پروازیں دبئی کے بین الاقوامی ایئر پورٹ کے ٹرمینل 2 سے چلائی جائیں گی اور ان پروازوں پر صرف دبئی سے جانے والے مسافر ہی سفر کر سکیں گے۔ ایمریٹس تمام سمتوں میں کارگو بھی لے کر جائے گا کیونکہ وہ ضروری اشیاء کی نقل و حمل جاری رکھ کر کے تجارت اور عوام الناس کو معانت فراہم کرنا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)


شیخ احمد بن سعید المختوم ، چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو ، ایمریٹس گروپ نے کہا ” پروازوں کی منزل میں داخل ہونے کی اہلیت پر پورا اترنے والے مسافروں کیلئے شروع کی گئی ان ابتدائی پروازوں پر ہمارے وہ مسافر مسرت کا اظہار کریں گے جو اپنے ممالک اور اپنے خاندانوں کے پاس جانے کے خواہشمند ہیں ۔

ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت اور اپنے تمام پارٹنرز کے شکر گزار ہیں کیونکہ ان کے تعاون سے ہم اپنی ان پروازوں کا ہموار آپریشن یقینی بنا سکے ہیں ۔ “
انہوں نے مزید کہا” ایک طرف ہم پر امید ہیں کہ مکمل آپریشن جلد سے جلد شروع ہو جائے گا اور دوسری طرف ہم COVID-19 کی عالمی وباء سے متاثرہ شہروں کو درپیش چیلنجز کا بھی ادراک رکھتے ہیں ۔ ہمارا نیٹ ورک صرف اس صورت میں بحال ہو سکتا ہے جب سفری پابندیوں میں نرمی کی جائیگی اور ہم معلومات کے بروقت حصول کیلئے انتظامیہ سے قریبی رابطے میں ہیں کیونکہ اپنے کیبن کریو اور کسٹمرز کا تحفظ سفر کے ہر مرحلے میں ہمارے پیش نظر رہتا ہے ۔


ایمریٹس ان روٹس پر اپنے بوئنگ 777-300 ای آر طیارے چلائے گا اور مسافروں کو بزنس کلاس اور اکو نومی کلاس میں سیٹیں دستیاب ہوں گی ۔سفر کیلئے اہل مسافر ان پرواز کیلئے اپنی سیٹ www.emirates.com پر جاکر بک کرواسکتے ہیں ۔
صحت اور تحفظ کی وجہ سے ، ایمریٹس ان پروازوں پر ایک تبدیل شدہ ان فلائٹ سروس پروگرام استعمال کرے گا۔ رسالے اور دیگر چھپا ہوا سامان دستیاب نہیں ہوگا جبکہ رابطے کو کم کرنے کیلئے کھانا اور مشروبات جہاز میں تبدیل شدہ پیکیجنگ اور پریذینٹیشن کے ساتھ پیش کئے جائیں گے۔

ایمریٹس لاؤنج اور ڈرائیور والی گاڑی کی سہولیات اس عرصے میں عا رضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گی ۔
ہر مرتبہ سفر کے بعد ایمریٹس کے تمام طیاروں کی دبئی ایئرپورٹ پر غیر معمولی صفائی اور ڈس ا نفیکشن کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں