51 نئے کیسز کے ساتھ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد932ہوگئی ہے،مراد علی شاہ

پیر 6 اپریل 2020 23:46

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 51 نئے کیسز کے ساتھ صوبہ میں کورونا وائرس سے مجموعی مریضوں کی تعداد 932ہوگئی ہے جبکہ اب تک 253 مریض صحتیاب ہوئے ہیں، وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جاری ویڈیو پیغام میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ میں مجموعی 9589 ٹیسٹ ہوئے ہیں۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سکھر میں 124 زائرین کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صحتیاب ہونے کی شرح 27.5 فیصد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 662 مریض زیرعلاج ہیں،342 افراد گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں، 130 لوگ سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور 190 افراد نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے مخیر حضرات سے کہا کہ وہ راشن کی تقسیم میں لوگوں کے درمیان فاصلہ رکھیں،راشن کی تقسیم سے اگر کورونا وائرس پھیلا تو یہ جرم سمجھا جائے گا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم لاک ڈائون کے بعد کام کرنے کیلئے ضابطہ کار (ایس او پی)بنا رہے ہیں، ہر سیکٹر میں لوگوں کو بننے والی ضابطہ کار کے تحت کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلی سندھ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بزرگوں اور بچوں کا خیال رکھیں اور وائرس سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات کے تحت فاصلہ رکھیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اگر آپ کورونا کے مریض ہیں یا آپ میں کورونا کا شک ہے تو آپ کو سرکاری نمبر سے فون آئیں گے۔

آپ سے التجا ہے کہ آنے والی فون کالز کے سوالات کے صحیح جوابات دیں۔ حکومت کی طرف سے اگر آپ کو ایک یا زائد مرتبہ کالز آئیں تو آپ بیزاری ظاہر نہ کریں اور مکمل تعاون کریں۔ وزیراعلی سندھ نے اپنے وڈیو پیغام میں مزید کہا کہ اللہ پاک آپ سب کو اور ہم کو اس موذی وائرس سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں