حکومت کاروباری طبقہ کی مشکلات کے خاتمے کے لئے بالترتیب اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں ، عمران اسماعیل

گورنرسندھ سے آل پاکستان ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا

پیر 6 اپریل 2020 23:46

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے آل پاکستان ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفد میں زبیر باویجہ ، شوکت علی ، وقاص عظیم ، اظہر سلطان،مسعود کالیہ، منصورباویجہ ، سعید قریشی اور شیخ تحسین شامل تھے ۔ ملاقات میں لاک ڈائون کے باعث ریسٹورنٹس کی مشکلات ، ان میں کام کرنے والے افراد کی دشواریوں ، کورونا وائرس پر کنٹرول کے حکومتی اقدامات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہاکہ کورونا وائرس سماجی رابطوں اوررش کے مقامات پر تیزی سے پھیلتا ہے اس لئے حکومت نے لاک ڈائون کے دورانیہ کو 14 اپریل تک بڑھادیا ہے، لوگوں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے لاک ڈائون پر عمل کرنا ہم سب کے مفاد میں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقہ کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مشکلات کے خاتمہ کے لئے باالترتیب اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں اس ضمن میں ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے مسائل وفاقی حکومت سے متعلق ہیں انہیں متعلقہ اداروں کے علم میں لائوں گا تاکہ اس انڈسٹری کی مشکلات کے ازالہ کی کوشش ہوسکیں ۔

وفد نے گورنرسندھ کو کرونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈائون سے ہونے والے نقصانات ، ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاک ڈائون کے باعث انہیں بہت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں