کورونا قومی مسلہ ہے جسے مشترکہ حکمت عملی سے شکست دینا ہے ، گورنرسندھ

گورنرسندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین کا اجلاس صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال ، کورونا سے بچائو کے اقدامات ، لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے اقدامات پرتبادلہ خیال

پیر 6 اپریل 2020 23:46

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم)پاکستان کے اراکین کا اجلاس گورنرہائوس میں منعقد ہوا ۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی ، خرم شیر زماں ، سعید آفریدی ، محمود مولوی ، اشرف قریشی ،ایم کیو ایم کے عامر خان ، فیصل سبزواری ،عبد الوسیم اور ارشد حسین شامل تھے ۔

اجلاس میں صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال ، کورونا سے بچائو کے اقدامات ، لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے اقدامات ، صوبہ میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا وائرس قومی مسئلہ ہے جسے مشترکہ حکمت عملی سے شکست دینا ہوگی چونکہ یہ ایک وباء ہے اور جس کی ابھی تک ویکسین دستیاب نہیں، اس لئے اس سے محفوظ رہنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ لوگوں کو آئسولیشن میں رہنے کے لئے آگاہی فراہم کی جائے کیونکہ سماجی رابطوں سے یہ وباء مزید پھیل سکتی ہے ،یہی وجہ ہے کہ حکومت نے انتہائی مجبوری میں لاک ڈائون جیسا اقدام اٹھایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غربت کے باعث لاک ڈائون سے غریب اور سفید پوش گھرانے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، پوری کوشش ہے کہ ان متاثرہ افراد تک ضروری اشیاء کی رسائی ممکن ہو سکے ،اس ضمن میں مخیر حضرات اور سماجی بھلائی کی تنظیمیں اہم کردار ادا کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر کنٹرول کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کا باہمی تعاون انتہائی ناگزیر ہے اورلاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں تک راشن پہنچاناہماری اولین ترجیح ہے ۔

اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ کے نمائندوں نے کہا کہ اس وباء کے خاتمہ کے لئے حکومت کی کاوشوں میں ساتھ ہیں، یہ وباء ایک قومی مسئلہ بن چکی ہے، اس وقت عوام الناس کی جان سب سے مقدم ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے نمائندوں نے حکومتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے حکومت نے کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ بنانے کے لئے مثالی اقدامات یقینی بنائے ہیں جو کہ قابل تحسین ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں